سعودی عرب میں 92.6 فیصد افراد خود کو مکمل محفوظ سمجھتے ہیں
سرو میں کہا گیا کہ رات کو تنہا گھومنے میں کسی قسم کا خطرہ محسوس نہیں کرتے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ شماریات کے بیان میں کہا گیا ہے سال 2023 میں کیے گئے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ مملکت میں 92.6 فیصد افراد خود کو مکمل طور پر محفوظ سمجھتے ہیں۔
سروے کے مطابق رات کے کسی بھی پہر تنہا گھومنے میں کسی قسم کا خطرہ محسوس نہیں کرتے۔
اخبار 24 کے مطابق یہ مملکت کے مختلف علاقوں میں معاشی، غذائی، ماحولیاتی، صحت، سماجی، سیاسی، فکری، فنی اور سائبرسکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں سکیورٹی، استحکام اور معیار زندگی کے حوالے سے جاری اقدامات کے مطابق ہے۔
ان کوششوں کا مقصد سعودی وژن 2030 کے مطابق سروسز کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
سروے میں 92.6 فیصد لوگوں نے ہر حوالے سے اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا کہ مملکت میں وہ خود کو مکمل طور پر محفوظ و مامون سمجھتے ہیں۔
گلوبل ایس ڈی جی انڈیکیٹرز ڈیٹا بیس اور سیفٹی پبلیکیشن برائے 2023 کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب جی 20 ملکوں میں پہلے نمبر پر ہے۔
پائیدار امن کے حوالے سے مملکت سرفہرست ہے جہاں رہنے والے خود کو ہر اعتبار سے محفوظ سمجتھے ہیں۔