’رمضان 30 دن جبکہ روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے کا ہوگا‘
جمعہ 28 فروری کی شام رمضان کا چاند دکھائی دینے کی قوی امید ہے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
متحدہ عرب امارات کی فلکیاتی کمیٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور عرب فضا و فلکیاتی فیڈریشن کے رکن ابراہیم الجروان کا کہنا ہے’ رواں برس رمضان المبارک 30 دن جبکہ روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے کا ہوگا۔‘
امارات الیوم کے مطابق امارات میں مشرقی علاقوں میں سحری اور افطاری کے اوقات مغربی علاقوں کے مقابلے میں 20 منٹ کا فرق ہوگا۔
الجروان کا مزید کہنا تھا’ جمعہ 28 فروری کی شام رمضان المبارک کا چاند دکھائی دینے کی قوی امید ہے، اس اعتبار سے یکم مارچ بروز ہفتہ یکم رمضان ہوگا۔‘
فلکیاتی حساب سے عید الفطر کا چاند 29 مارچ کو امارات کے وقت کے مطابق ہلال کی پیدائش 14:58 پر ہوگی جو غروب آفتاب سے پانچ منٹ بعد ہی ڈوب جائے گا۔
جس کی وجہ سے ہلال کا مشاہدہ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ اس طرح ماہ مبارک میں 30 روزے ہوں گے اورعید الفطر بروز پیر 31 مارچ کو ہوگی۔
