سعودی وزراتِ تجارت نے رمضان اور عید الفطر کے لیے مارکیٹوں میں ’رعایتی سیل‘ کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔
رعایتی نرخوں پر اشیائے صرف مملکت کے تمام شہروں میں فروخت کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں
-
’بیسٹ سرکاری عرب ایوارڈ‘ سعودی وزارت تجارت کے نامNode ID: 634506
عکاظ کے مطابق وزارت تجارت کا کہنا ہے’ رمضان وعید سپیشل سیل سیزن کا آغاز رواں ہفتے کیا گیا ہے جو 3 اپریل 2025 تک جاری رہے گی۔‘
وزارت کی جانب سے اب تک دو ہزار سے زائد سیل پرمٹ جاری کیے جاچکے ہیں جن کے تحت 10 لاکھ سے زائد اشیا کے نرخوں میں صارفین کو رعایت دی جائے گی۔
وزارت کا مزید کہنا ہے’ روایتی اور ای مارکیٹنگ کے لیے سیل پرمٹ کا اجرا اس وقت تک نہیں کیا جاتا جب تک وزارت تجارت کو پرانے نرخ اور نئے (سیل کے نرخ) کے بارے میں دستاویزی ثبوت نہ فراہم کردیئے جائیں۔‘
وزارت تجارت کی جانب سے نرخوں کا جائزہ لینے کے بعد سیل لگانے کا پرمٹ جاری کیا جاتا ہے جس کے بغیر کسی دکان پر سیل لگائے جانے کا بورڈ یا اشتہار لگانا قانونی طورپر جرم ہے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جاتی ہے۔
وزارت تجارت نے صارفین کو مطلع کیا ہے کہ’ محض سیل کا بورڈ یا اشتہار ہی نہ دیکھیں بلکہ اس کی تصدیق کے لیے کیو آر کوڈ کو بھی سکین کرکے اس بات کی یقین دہانی کرلیں کہ لگائی گئی سیل درست ہے یا محض اشتہار۔‘