Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور بحرین کی سڑکوں پر ’سند باد‘ تخلیقی آرٹ نمائش

’سندباد: آن دی روڈ‘ روایتی گیلری میں نمائش کے تصور سے مختلف تجربہ رہا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
اگر آپ کسی ایسی جگہ بروقت موجود ہوتے جہاں سندباد آرٹ نمائش کی گاڑی نظر آئے تو آپ کو آرٹ کے شاندار نمونے غیر متوقع طور پر دیکھنے کا موقع ملتا۔
عرب نیوز کے مطابق ایک ایسی گاڑی جو آٹھ آرٹ ماہرین کی سرگرمیوں اور محنت سے آرٹ گیلری میں تبدیل ہو چکی ہے وہ سعودی عرب اور بحرین کی سڑکوں پر آپ کے ارد گرد موجود ہے۔
سندباد آرٹ گیلری اپنی سالانہ چوتھی نمائش کو 6 سے 20 فروری تک مملکت کی سڑکوں پر لے گئی ہے جہاں اس نے ہائی ویز، راہداریوں اور شہروں کی سڑکوں کو آرٹ گیلری بنا دیا ہے۔
رواں سال کی آرٹ نمائش ’سندباد: آن دی روڈ‘ ایک چلتی پھرتی نمائش ہے جو روایتی گیلری کے تصور سے مختلف تجربہ رہا۔
نمائش کے لیے ایک گاڑی کو آرٹ نمائش کی خاص قسم کی ضروریات کے مطابق ڈھالا گیا تاکہ آرٹ ٹیم سفر کے دوران تخلیق کاروں سے ملاقات کے ساتھ ان کا آرٹ اکٹھا کر کے نمائش میں نمایاں کرے۔
سندباد ٹیم نے اس سال آرٹ نمائش کے لیے تین پینل کا جدید سسٹم تیار کیا جو سفر کے دوران کسی بھی جگہ پر ایڈجسٹ کر کے استعمال کے بعد آسانی سے فولڈ ہو سکتا تھا۔
ان کا سفر صرف آرٹ کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے نہیں تھا بلکہ اس کا خاص مقصد یہ تھا کہ آرٹ کو کہاں اور کیسے دیکھا جا سکتا ہے۔

سندباد آرٹ گیلری چوتھی نمائش کو مملکت کی سڑکوں پر لے گئی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

اس خاص قسم کی آرٹ نمائش کے سفر کا آغاز جدہ سے ہوا اور ریاض، الخبر اور بحرین میں قیام کے بعد جدہ واپس پہنچ کر اختتامی نمائش کا انعقاد کر کے عوامی مقامات کو گیلریوں میں تبدیل کرنے کے عزم کی تکمیل کرے گی۔
نمائش 5 فروری کو جدہ میں ایک ایونٹ کے ساتھ شروع ہوئی جو واصل آرٹ سپیس میں ایک اوپن مائیک اور پک اپ ایونٹ پر مشتمل تھی۔
سندباد ٹیم نے ریاض کے لیے اپنے سفر کا باضابطہ طور پر آغاز 6 فروری سے کیا۔ 7 فروری کو میٹ اپ کا انعقاد کے بعد 8 فروری کو حئی جیکس میں بیسٹ ہاؤس میں اوپن مائیک تقریب منعقد کرائی گئی۔

ماہر فنان نے ہائی ویز اور شہروں کی راہداریوں کو آرٹ گیلری بنا دیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

آرٹسٹ کی تخلیقی اور متحرک ٹیم نے یہ دلچسپ نمائش الخبر میں بوھیما آرٹ کیفے کی چھت پر منعقد کرائی جہاں شرکاء کو گاڑی کی بجائے سیڑھیاں چڑھ کر آرٹ دیکھنے اور فن پارے جمع کروانے کا موقع ملا۔
اس کے بعد فنان کی ٹیم نے بحرین کے الرواق آرٹ اسپیس میں 15 فروری کو ایک خصوصی نمائش منعقد کی۔
سفری نمائش 20 فروری کو جدہ کے نقش آرٹ سٹوڈیو میں اپنے اختتامی مقام پر منعقد کی جائے گی جہاں پورے سفر کے دوران جمع کیے گئے فن پارے اور تحقیق کام پیش کیا جائے گا۔ اس کے بعد سندباد آرٹ نمائش13 مارچ کو العلا میں منعقد کی جائے گی۔

 مختلف آرٹسٹ اور محققین ہر سال اپنی تخلیقات جمع کراتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

سندباد آرٹ کلیکٹیو کے شریک بانی عبداللہ العمودی نے بتایا ’ آرٹ کلیکٹیو2021  میں جدہ میں قائم کیا گیا، جس کا مقصد آرٹسٹ کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جو زیادہ  مفید اور تجرباتی ہو۔‘
عبداللہ العمودی نے مزید بتایا ’جب کوئی آرٹسٹ ہمارے پاس اپنا فن پارہ جمع کراتا ہے تو ساتھ وائس نوٹ ریکارڈ کراتا ہے جس میں آرٹسٹ کی تخلیق کی وضاحت ہوتی ہے۔‘
ہم اس وائس نوٹ کو سندباد ریڈیو پر اپ لوڈ کرتے ہیں تاکہ اگر کوئی ٹیون کرے تو اسے فنکاروں کی کہانیاں سننے کو ملیں۔

ریاض حئی جیکس میں بیسٹ ہاؤس میں اوپن مائیک تقریب منعقد کرائی گئی۔ فوٹو عرب نیوز

سندباد ریڈیو براہ راست اپڈیٹس بھی نشر کرتا ہے تا کہ سامعین ٹیم کی پیشرفت فالو کر سکیں۔
یہاں مختلف آرٹسٹ اور محققین ہر سال اپنی ایسی تخلیقات جمع کراتے ہیں جو روایتی آرٹ فارمیٹس کو چیلنج کرتی ہیں۔
 

 

شیئر: