ریاض میں سعودی آرٹسٹوں کے تخلیقی فن پاروں کی نمائش
ریاض میں سعودی آرٹسٹوں کے تخلیقی فن پاروں کی نمائش
اتوار 2 اکتوبر 2022 18:26
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے آرتوراما ایونٹ میں سعودی فنکاروں کے تخلیقی فن پارے اور جدید ترین تنصیبات آنے والوں کو ایک منفرد حیرت انگیز تجربہ فراہم کر رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق نووار انٹرٹینمنٹ گروپ کی جانب سے ترتیب دیا جانے والا یہ تخلیقی نمائش کا یہ ایونٹ شارع خالد پر واقع ریاض کی لیژن ویلی میں21 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
ایونٹ کے پہلے زون میں پانچ سعودی فنکاروں کے تخلیق کردہ مخصوص شاہکار رکھے گئے ہیں، ان آرٹ ورکس کی مکمل اور رنگ برنگی خاص تکنیک دیکھنے کے لیے وزیٹرز کے لیے انہیں چھونا ضروی ہے۔
ایونٹ میں موجود آرٹسٹ امیرہ شیخ نے اپنی تخلیق میں ایک نوجوان لڑکی کی کہانی بتاتے ہوئے کہا کہ میں اس ڈیزائن میں ایک پراسرار ماحول دکھانا چاہتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری کمیونٹی کا عالمی اور مقامی طور پر بہت طاقتور اثر ہے اور مملکت میں آرٹ اور فنکاروں کی موجودہ بڑھتی ہوئی مقبولیت سے یہ تخلیقی فن مضبوط ہوا ہے۔
یہاں موجود ایک اور آرٹسٹ ایثار بالخیر کے تیار کردہ شاہکار میں زائرین کا لمس جدہ کے تاریخی علاقے البلد کے ثقافتی اور سماجی پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے رنگوں کے جھرمٹ سے دو شخصیات کو ابھارتا ہے۔
ایثار بالخیر ایک ایسے خاندان میں پیدا ہوئیں جس میں فن کا شوق تھا۔ ان کے گھریلو کاموں میں سے ایک ساتھ بیٹھنا اور ڈرائنگ کرنا بھی رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت ثقافت کی جانب سے کئے گئےخاص اقدامات کے باعث فنکاروں کو اپنے اندر موجود فن ابھارنے کا موقع ملا ہے اور سعودی عرب میں آرٹ سین کے لیے اب سب کے پاس ایک جگہ ہے۔
بالخیر نے بتایا کہ ہمارے تیار کردہ شاہکار کو صرف خوبصورتی کے ارد گرد رہنے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ اس کے پیچھے ایک کہانی ہے۔
انہوں نے اس مخصوص آرٹ کے پیچھے چھپے فنکار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ ہمیں مزید سپورٹ کرتا ہے اور زیادہ پراعتماد بناتا ہے اور مزید فن پارے تخلیق کرنے کی حوصلہ افزائی ملتی ہے۔
آرٹسٹ محمود زینی نے اس خاص آرٹ کو اجاگر کرنے میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی دلچسپی پر خوشی کا اظہار کیا۔
نووارانٹرٹینمنٹ گروپ کے پروجیکٹ منیجرخالد سنبول کا کہنا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ آرٹ کے ساتھ تفریح ضروری ہے۔ زیادہ ترلوگ ایک حقیقی تفریحی تجربہ حاصل کرنے کے لیے یہاں آ رہے ہیں جو اس سے قبل عجائب گھروں، پارکوں میں جاتے تھے۔ اب ان فن پاروں کی شکل میں ہمارے پاس وہ سب کچھ یہاں موجود ہے۔