سعودی ولی عہد سے صدر پوتن کا رابطہ، روس، امریکہ مذاکرات کی میزبانی پر شکریہ
جمعرات 20 فروری 2025 20:52
دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بڑھانے کی خواہش کو سراہا گیا۔( فوٹو: ایس پی اے، اے ایف پی)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ریاض میں امریکہ اور روس کے درمیان نتیجہ خیزمذاکرات کی میزبانی کرنے پر سعودی ولی عہد اور مملکت کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد سے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی گہرائی اور مختلف شعبوں میں انہیں ترقی دینے کی خواہش کو بھی سراہا گیا۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عالمی امن وسلامتی کے فروغ کے حوالے سے ہر ممکن کوشش کرنے کے لیے مملکت کے عزم پر زور دیا اور کہا تمام بین الاقوامی بحرانوں کے حل کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا تھا کہ وہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون پر ذاتی طور پر مملکت کے کردار کے حوالے سے ان کا خصوصی شکریہ ادا کریں گے جس سے امریکہ کے ساتھ ریاض میں مذاکرات کی مثالی فضا ہموار کی گئی۔
روسی صدر یہ بھی کہنا تھا کہ ’امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات باعثِ مسرت ہوگی، تاہم یہ ضروری ہے کہ ملاقات کی تیاری کی جائے۔‘
ولی عہد مملکت اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو ریاض میں امریکہ اور روس کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کا خصوصی اہتمام کیا تھا۔
ان مذاکرات میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان بھی شریک تھے۔