سعودی عرب کا کویت سے اظہار یکجہتی، مشقوں میں فوجیوں کی ہلاکت پر تعزیت
جمعرات 20 فروری 2025 21:15
مشقوں کے دوران کویتی فوج کے دو اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت خارجہ نے فوجی مشقوں کے دوران کویتی فوج کے اہلکاروں کے ہلاک و زخمی ہونے پر کویت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت کے بیان میں مرنے والوں کے خاندان، کویت کی حکومت اور عوام سے تعزیت اور ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
یاد رہے کہ کویتی، امریکی مشترکہ جنگی مشقوں کے دوران کویتی فوج کے دو اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
کویتی فوج کے بیان میں بتایا گیا کہ مشترکہ مشق ڈیزرٹ آبزرور4 کے دوران واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تیکنیکی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ الصباح کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ٹیم بدھ کی شام پیش آنے والے واقعہ کی وجوہ کا تعین کرے گی۔
کویتی، امریکی مشترکہ مشق کا مقصد دونوں ملکوں کی فورسز کے درمیان مشترکہ فوجی تعاون کو بڑھانا ہے۔