مشترکہ جنگی مشقوں کے دوران کویتی فوج کے دو اہلکار ہلاک
جمعرات 20 فروری 2025 19:43
کویتی وزیر دفاع نے الادیرع میں فوجی مشق کے مقام کا دورہ کیا۔(فوٹو: سبق)
کویتی، امریکی مشترکہ جنگی مشقوں کے دوران کویتی فوج کے دو اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
مرنے والوں میں سارجنٹ احمد فرحان اور سارجنٹ مساعد ضاحی صالح شامل ہیں دو اہلکار کارپورل انور رضوان اور کارپول مطلق مبارک زخمی ہوئے۔
زخمی ہونے والے اہکار ہسپتال میں زیرعلاج ہیں، ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کونا کے مطابق کویتی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ مشترکہ مشق ڈیزرٹ آبزرور4 کے دوران واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تیکنیکی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ الصباح کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ٹیم بدھ کی شام پیش آنے والے واقعہ کی وجوہ کا تعین کرے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ کویتی وزیر دفاع نے الادیرع کے علاقے میں فوجی مشق کے مقام کا دورہ کیا۔
کویتی، امریکی مشترکہ مشق کا مقصد دونوں ملکوں کی فورسز کے درمیان مشترکہ فوجی تعاون کو بڑھانا ہے۔