Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیوٹی کے علاوہ سیکیورٹی اہلکار یونیفارم نہ پہنیں، کویتی وزارتِ داخلہ

اس سلسلے میں سیکیورٹی ایجنسیز کے اہلکاروں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
کویتی وزارتِ داخلہ نے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ ڈیوٹی کے علاوہ عوامی مقامات پر یونیفارم پہن کر نہ جائیں۔ ایسا کرنے والے اہلکاروں کو قانون شکنی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
العربیہ نیوز کے مطابق کویتی وزارتِ داخلہ کی جانب سے تمام سرکاری سیکیورٹی ایجنسیز کے اہلکاروں کو نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں واضح طور ہدایت کی گئی ہے کہ مارکیٹوں، تجارتی مقامات، شادی گھروں، قبرستانوں، تعزیتی محافل وغیرہ میں کوئی اہلکار سرکاری یونیفارم میں نہیں جائے گا۔ وہ اہلکار اس سے مستثنی ہوں گے جو ان علاقوں یا مقامات پر ڈیوٹی دے رہے ہیں۔
وزارتِ داخلہ کے سیکرٹری بریگیڈیئر سالم الصباح کا کہنا ہے کہ قانون کی شق نمبر15 کے مطابق سرکاری فورسز کے اہلکاروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ڈیوٹی کے علاوہ عوامی مقامات پر یونیفارم میں نہ جائیں ایسا کرنا خلاف قانون عمل شمار کیا جائے گا۔
سیکریٹری وزارت داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ قانون پرعمل نہ کرنے والوں کو متعلقہ کمیٹی کے حوالے کیا جائے گا جہاں ان کے خلاف ادارہ جاتی تحقیقات کے بعد کارروائی کی جائے گی۔
 

 

شیئر: