Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر کا دورہ انڈونیشیا، صحت کے شعبے میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

ملاقات میں صحت کے شعبے  کے اعلی عہدیداروں نے شرکت کی۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر صحت فہد بن عبدالرحمن الجلاجل نے  سرکاری دورے کے موقع پر پیر کوجکارتہ میں انڈونیشیا کے وزیر صحت بودی غونادی صادقین اور وزیر مذہبی امور نصر الدین عمر سے ملاقات کی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے انڈونیشی ہم منصب سے ملاقات میں صحت کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون، فارما انڈسٹری اور طبی آلات میں سرمایہ کاری کے مواقع اور انڈونیشیی حج و عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔


وزیر صحت نے انڈونیشیا کے وزیر برائے مذہبی امور سے ملاقات کی۔ (فوٹو ایس پی اے)

 وزرا نے ہسپتالوں کے انتظام اور پرائمری ہیلتھ کیئر میں بہترین طریقوں اور تجربات کا تبادلہ کیا جس میں ڈیجیٹل ہیلتھ ٹرانسفارمیشن، بیماری کی تشخیص اور ہسپتال کے انتظام کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال میں سعودی عرب کی مہارت شامل ہیں۔
 اس موقع پر ہیلتھ ہولڈنگ کمپنی اور انڈونیشیا کی وزارت صحت کے درمیان ہیلتھ کیئر میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔ 
ہیلتھ ہولڈنگ کمپنی کے سی ای او ناصر  بن محمد الحقبانی اور انڈونیشیا کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ہیومن ریسورسز یولی فاریانتی نے دستخط کیے۔

ہیلتھ کیئر میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔  (فوٹو ایس پی اے)

ہیلتھ ہولڈنگ کمپنی  نے انڈونیشیا کے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی تربیت اور تعاون کے لیے یونیورسٹی آف نھضہ العلما سورابایا کے ساتھ ایک مفاہمت پر بھی دستخط کیے جس کا مقصد مملکت کے صحت کے شعبے کی مدد کرنا ہے۔  ناصر الحقبانی اور یونیورسٹی کے صدر پروفیسر احمد یازیدی نے معاہدے پر دستخط کیے۔ 
یہ کوششیں صحت کے شعبے میں دیکھ بھال، بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے اور عالمی سٹرٹیجک شراکت داری کو وسعت دینے کے لیے وزارت صحت کی جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔
 سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے انڈونیشیا کے وزیر برائے مذہبی امور نصر الدین عمر سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے بالخصوص موسم حج میں صحت سے متعلق پہلوؤں پرتبادلہ خیال کیا۔

قبل از حج صحت سے متعلق آگہی مہم  کا بھی جائزہ لیا(فوٹو ایس پی اے)

 حج سیزن میں صحت کے شعبے میں تعاون کے پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ حج کے حوالے سے صحت ضروریات، لازمی ویکسینیشن اور محفوظ و صحت مند حج تجربے کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ آگاہی پروگرام کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
 حفاظتی اقدامات کو بہتر بنانے کے لیے قبل از حج صحت سے متعلق آگہی مہم  کا بھی جائزہ لیا۔ 
 اس موقع پر انڈونیشیا میں سعودی سفیر فیصل بن عبداللہ العامودی کے علاوہ وزارت صحت کے  انڈر سیکریٹریز اور مملکت میں صحت کے شعبے سے متعلق اعلی عہدیدار موجود تھے۔

 

 

شیئر: