سعودی وزارت صنعت و معدنی وسائل نے سعودی عرب میں طیاروں کی مینٹینس، ریپئر اور اوورہال سروسز کےلیے نئے انڈسٹریل لائسنس جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان سعودی وزیرصنعت و معدنی وسائل بندر الخریف نے جدہ میں ایرو سپیس کنیکٹ فورم کے دوران کیا۔ فورم کا اہتمام نیشنل انڈسڈریل ڈیولپمنٹ سینٹر نے کیا تھا۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی اور جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز کے تعاون سے نئے انڈسٹریل لائسنس کے دائرہ کار میں طیاروں اور ڈرون کی مینٹیس اور ریپئر، نیوی گیشن، الیکڑانک سسٹم کی سروسز اور جامع اووہال آپریشننز شامل ہیں۔

اخبار 24 کے مطابق پہلا انڈسٹریل لائسنس شرق الاوسط کمپنی کو جاری کیا گیا جو طیاروں کے انجن کی تیاری کے شعبے میں کام کرتی ہے جبکہ دوسرا لائسنس سعودیہ ایئرلائن کے انجینئنرنگ اور ایوی ایشن انڈسٹریل زون کو جاری کیا گیا۔
جدہ میں منعقد ہونے والے دو روزہ فورم میں ایوی ایشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے مقامی اور عالمی ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
نیشنل سینٹر فار انڈسٹریل ڈویلپمنٹ نے ایئرپورٹس انتظامیہ کے ساتھ ایئرپورٹس پر طیاروں کی مینٹینس و دیگر فنی امور کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے۔