سعودی سول ایوی ایشن کے سربراہ عبدالعزیز الدعیلج نے کہا ہے کہ ’آئندہ چند برسوں کے دوران مملکت میں فضائی شعبے میں روزگار کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے‘۔
سبق نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ’ فیوچر سمٹ‘ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا’ اکیسویں صدی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایوی ایشن انڈسٹری کے حوالے سے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کےلیے منظم انداز میں کام کیا جارہا ہے‘۔
فیوچر سمٹ جس کا سلوگن ’بہتر کل کے لیے مناسب حل‘ تھا سے خطاب میں سول ایوی ایشن کے عبدالعزیز الدعیلج نے مزید کہا’ توقع ہے سال 2030 تک ایوی ایشن سیکٹر میں 2 لاکھ 79 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع میسرآئیں گے جو موجودہ تعداد سے تقریبا 300 فیصد زیادہ ہے‘۔
الدعیلح کا مزید کہنا تھا ’ رپورٹس کی روشنی میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ آئندہ 10 برسوں میں ایوی ایشن سیکٹر کو 2 لاکھ 84 ہزار پائلٹس درکار ہوں گے‘۔