Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: دولہے نے ہار دُلہن کے بجائے اس کی سہیلی کو پہنا دیا، شادی کینسل

ایف آئی آر کے مطابق دولہے کے اہل خانہ نے اضافی جہیز کا مطالبہ کیا تھا (فوٹو:این ڈی ٹی وی)
انڈیا کی ریاست اترپردیش میں ایک شادی کی تقریب اُس وقت بدمزگی کا شکار ہو گئی جب نشے میں دھت دولہے نے دُلہن کے بجائے اس کی دوست کو ہار پہنا دیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ہوا کچھ یوں کہ اترپردیش کے شہر بریلی میں 26 سالہ نوجوان رویندر کمار اپنی بارات لے کر تاخیر سے پنڈال پہنچا۔
دُلہن کے اہل خانہ کی جانب سے دائر ایف آئی آر کے مطابق دولہے کے اہل خانہ نے اضافی جہیز کا مطالبہ کیا تھا۔
دُلہن کے والد نے بتایا کہ انہوں نے شادی سے پہلے کی رسومات کے دوران ڈھائی لاکھ روپے اور شادی کی صبح مزید 2 لاکھ روپے دیے تھے تاہم، یہ دولہا کے خاندان کے لیے ناکافی تھے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ رویندر کمار اپنی پسند کی لڑکی سے شادی کرنا چاہتے تھے۔
وہ مبینہ طور پر نشے کی حالت میں پنڈال پہنچے اور دُلہن کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کے ساتھ بدتمیزی کی۔
ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ پھولوں کی مالا کے تبادلے کی رسم سے کچھ دیر پہلے تک وہ اپنے دوستوں کے ساتھ مے نوشی کر رہے تھے۔
انہوں نے ہار اپنی دُلہن کو پہنانے کے بجائے ان کے پاس کھڑی دوست کی جانب اُچھال دیا۔ یہ دیکھ کر 21 سالہ رادھا دیوی آپے سے باہر ہو گئیں، دولہے کو تھپڑ جڑ دیا اور وہاں سے چلی گئیں۔
اس کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا اور فریقین نے ایک دوسرے پر کُرسیاں پھینکنا شروع کر دیں تاہم، پولیس نے پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔ دولہا اور اس کی بارات کو واپس بھیج دیا گیا۔
پولیس نے دولہے اور اس کے دوستوں کو حراست میں لے لیا ہے اور ان کے خلاف دُلہن کے اہل خانہ کی تضحیک اور امن کو خراب کرنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔
دولہا کے خلاف جہیز کا مطالبہ کرنے پر بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

 

شیئر: