Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کے عالمی ادارہ صحت اور اسلامی ترقیاتی بنک سے معاہدے

انسداد پولیو کے لیے 300 ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے گئے پیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان امدادی مرکز نے عالمی سطح پر انسداد پولیو کے لیے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ 300 ملین ڈالر کے مشترکہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق مشترکہ معاہدے پر شاہ سلمان مرکز کے نگران اعلی و ایوان شاہی کے مشیر ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ جبکہ عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر ٹیڈروس گیبرئیس نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت دنیا بھر میں بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے عالمی ادارہ صحت جامع منصوبہ بندی مرتب کرے گا جس میں ان ممالک پر فوکس کیا جائے گا جہاں پولیو کے خطرات زیادہ ہیں۔ ان ممالک میں پاکستان اور  افغانستان شامل ہیں۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے ریاض میں ہونے والے چوتھے انٹرنیشنل ہیومینٹیرین فورم میں اسلامی ترقیاتی بینک کے فنڈ برائے معاشی امداد  کے لیے 100 ملین ڈالر کے تعاون کی یادداشت پردستخط کیے ہیں۔
مرکز کی جانب سے ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ جبکہ اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے ڈاکٹر سلیمان الجاسر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت بینک کے رکن ممالک میں ضرورت مندوں کو مالی امداد مہیا کی جائے گی۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے رکن ممالک کی تعداد 37 ہے جبکہ 200 ملین افراد اس امدادی مہم کے منصوبوں سے مستفیض ہوں گے۔

 

شیئر: