سعودی دارالحکومت ریاض کے تاریخی منفوحہ ڈسٹرکٹ میں ’القبلی‘ مسجد کی بحالی منصوبہ جاری ہے جو تاریخی مساجد کے احیا سے متعلق ولی عہد شہزاہ محمد بن سلمان پراجیکٹ کا ایک اہم حصہ ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ مسجد 1689 میں تعمیر کی گئی بعدازاں 1945 میں شاہ عبدالعزیز نے اسے دوبارہ تعمیر کرایا۔ قدیم ریاستی قصر کے قریب ہونے سے یہ مسجد شاہی شخصیات اور سرکاری حکام لیے ایک اہم عبادت گاہ بن گئی۔
مسجد کا رقبہ 642 مربع میٹر سے بڑھا کر 804 مربع میٹر کیا جا رہا ہے جس سے نمازیوں کی گنجائش 440 تک بڑھ جائے گی۔
مسجد کے اصل طرز تعمیر کو بحال کرنے کے لیے روایتی آرائشی تکنیکوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس منصوبے کا ایک مقصد ان تاریخی مقامات کے تحفظ کی اہمیت کے بارے میں آگاہی بھی پیدا کرنا بھی ہے۔
القبلی مسجد ان 30 مساجد میں سے ایک ہے جو منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مملکت بھر میں بحال کی جا رہی ہیں۔ سعودی کمپنیاں اور تاریخی عمارتوں کے ماہر انجینئرز یہ کام کر رہے ہیں۔
یہ اقدام تاریخی تحفظ اور جدید تعمیراتی معیارات کو متوازن کرتا ہے۔ یہ مسجد کی مستند تعمیراتی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے پائیداری کو یقینی بناتا ہے۔
یاد رہے تاریخی مساجد کے احیا اور ترمیم و تزئین سے متعلق امیر محمد بن سلمان پروجیکٹ کے تحت مملکت بھر میں 130 مساجد کو شامل کیا گیا ہے۔