سعودی عرب میں 150 برس قدیم تاریخی مسجد الحزیمی کی بحالی
الافلاج کمشنری سے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ تاریخی علاقہ صدیوں پرانا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی قدیم و تاریخی مساجد کی ترمیم وتزئین اور آرائش کے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں تاریخی مساجد کو بحال کیا جا رہا ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے مملکت میں موجود قدیم و تاریخی مساجد کی بحالی اور انہیں اسی طرز پرازسرنو تعمیرکرنے کے منصوبے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اخبار 24 کے مطابق الافلاج کمشنری میں مسجد الحزیمی کو بحالی کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا۔
مسجد الحزیمی ریاض ریجن کی الافلاج کمشنری میں لیلی شہر سے شمال مشرق میں واقع ایک تاریخی مسجد ہے۔
اس مسجد کی بنیاد 150 برس قبل رکھی گئی تھی اور اسے 21 جولائی 2022 کو شہزادہ محمد بن سلمان کے تاریخی مساجد کی بحالی کے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں ایک حصے کے طور پر منظور کیا گیا تھا۔
یہ مسجد مٹی سے بنائی گئی تھی، اور آج تک اس میں نماز ادا کی جاتی ہے، مسجد کے نیچے ایک تہ خانہ ہے جہاں موسم سرما میں نماز ادا کی جاتی ہے۔
الافلاج کمشنری کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ تاریخی علاقہ صدیوں پرانا ہے۔
واضح رہے تاریخی وقدیم مساجد کی تعمیرنو کے حوالے سے شہزادہ محمد بن سلمان کے منصوبے کے تحت مملکت کے مختلف ریجنز میں 130 قدیم تاریخی مساجد کو ان کی اصل شکل کے تحت از سرنو تعمیرکیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں 30 مساجد شامل ہیں۔ یہ مساجد سعودی عرب کے 13 علاقوں میں ہیں۔