جازان میں 400 برس قدیم مسجد، آج بھی اپنی اصلی حالت میں قائم
جازان میں 400 برس قدیم مسجد، آج بھی اپنی اصلی حالت میں قائم
منگل 26 مارچ 2024 5:07
مسجد الریان ایک ٹیلے پر واقع ہے جو دور سے بھی دکھائی دیتی ہے (فوٹو ایس پی اے)
جازان ریجن کے مرکز وادی جازان میں چار سو سال قبل تعمیر کی گئی مسجد آج بھی اپنی اصل حالت میں موجود ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق تاریخی حوالوں میں ریجن کی قدیم ترین مساجد میں شمار ہونے والی اس مسجد کے سال تعمیر کا ذکر نہیں ہے۔
’آثار جازان انسائیکلوپیڈیا‘ ٹیم کی جانب سے مسجد کے محراب اور گنبدوں کے تجزیے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مسجد کا طرز تعمیر منفرد ہے لہٰذا اس کی تعمیر کے زمانے کا تعین نہیں کیا جا سکتا۔
جازان کی یہ قدیم مسجد بلدۃ الریان کے جنوب میں ایک ٹیلے پر واقع ہے جس کا محراب اور منفرد طرز تعمیر نیچے سے بھی دکھائی دیتا ہے۔
120 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا مسجد کا قدیم حصہ پائیدار تعمیر کی وجہ سے کئی صدیاں گزرنے کے بعد آج بھی اپنی اصلی حالت میں قائم ہے اور اس میں 100 نمازیوں کی گنجائش ہے۔
قدیم مسجد کی تعمیر میں چٹانی پتھروں اور جلے ہوئے گارے کا استعمال کیا گیا تھا جو اس دور میں رائج تھا۔ مسجد کی دیورایں تقریباً ایک میٹر چوڑی ہیں۔ اندرونی حصے میں دو پتھریلے قاعدے ہیں جبکہ گنبدوں کی تعداد چھ ہے۔
جازان ریجن کی وزارت مذہبی امور نے مسجد کی دیکھ بھال کا خصوصی اہتمام کیا ہے۔ 1432 ہجری بمطابق 2010 میں 300 مربع میٹرکی توسیع کی گئی جس کے بعد اس میں 250 نمازیوں کی گنجائش ہو گئی۔
مسجد میں قرآن کے حلقات اور دیگر علمی سرگرمیوں کا بھی باقاعدگی سے اہتمام کیا جاتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں