دوسرا سیمی فائنل: جنوبی افریقہ کو شکست، نیوزی لینڈ کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی
دوسرا سیمی فائنل: جنوبی افریقہ کو شکست، نیوزی لینڈ کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی
بدھ 5 مارچ 2025 11:35
قذافی سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 50 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔
ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار 9 مارچ کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
بدھ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی کے 363 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز ہی بنا سکی۔
جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر آخری بال تک ایک اینڈ پر ڈٹے رہے، انہوں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 67 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی۔
رسی وین ڈر ڈوسن نے 69 جبکہ کپتان ٹیمبا باووما نے 71 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان مچل سینٹنر نے تین، میٹ ہینری اور گلین فلپس نے دو دو جبکہ مائیکل بریسویل اور رچن رویندر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے تھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے رچن رویندر 108، کین ولیمسن 102 جبکہ گلین فلپس اور ڈیرل میچل 49 ،49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
کیویز نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا، اوپنرز ول ینگ اور رچن رویندر نے ٹیم کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
نیوزی لینڈ کو ابتدائی نقصان آٹھویں اوور کی آخری گیند پر ول ینگ کی صورت میں ہوا، وہ 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اوپنر رچن رویندر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے 108 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ کاگیسو ربادا کی گیند پر ہینرک کلاسن کو کیچ تھما بیٹھے۔
ان کے بعد کین ولیمسن بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ ڈیرل میچل 49، ٹام لیتھم چار اور مائیکل بریسویل 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ گلین فلپس 49 اور مچل سینٹنر چار رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
رچن رویندر نے ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے 108 رنز کی اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کی جانب سے لونگی نگیڈی نے 10 اوورز میں 72 رنز دے کر تین جبکہ کاگیسو ربادا نے 10 اوورز میں 70 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔
مارکو یانیسن نے 10 اوورز میں 79 رنز دیے تاہم وہ کسی کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں ناکام رہے۔
جنوبی افریقہ کا سکواڈ
ٹیمبا باووما (کپتان)، رائن ریکلٹن، رسی وین ڈر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن (وکٹ کیپر)، ڈیوڈ ملر، ویان ملڈر، مارکو یانیسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور لونگی نگیڈی جنوبی افریقہ کے سکواڈ میں شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کا سکواڈ
ول ینگ، رچن رویندر، کین ولیمسن، ڈیرل میچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مچل سینٹنر (کپتان)، میٹ ہینری، کائل جیمیسن اور ول او’رورک نیوزی لینڈ کے سکواڈ میں شامل تھے۔