Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شوریٰ کونسل میں سعودی خواتین کی شمولیت کا ذکر اقوام متحدہ میں

حنان بنت عبدالرحمان الاحمدی کے مطابق اصلاحات کے ذریعے خواتین کی حمایت میں سعودی ویژن 2030 کے اثرات کو اجاگر کیا۔ (فوٹو: سپلائیڈ)
نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں خواتین کی حیثیت سے متعلق کمیشن کے 69ویں اجلاس کے دوران، سعودی شوریٰ کونسل کی معاون سپیکر حنان بنت عبدالرحمان الاحمدی نے مملکت کی جانب سے کی گئی اصلاحات اور سعودی خواتین کو بااختیار بنانے کی تعریف کی۔
عرب نیوز کے مطابق حنان بنت عبدالرحمان الاحمدی نے کہا کہ 10 سے 21 مارچ تک سعودی عرب کمیشن کی سربراہی کرے گا، جو مملکت کی مختصر مدت میں شاندار کامیابیوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے اصلاحات کے ذریعے خواتین کی حمایت میں سعودی ویژن 2030 کے اثرات کو اجاگر کیا، جس کے تحت خواتین کے حقوق کو سب سے مقدم رکھا گیا، اور معاشرے میں ان کی شراکت میں اضافہ کیا گیا۔
حنان بنت عبدالرحمان الاحمدی کا کہنا ہے کہ شوریٰ کونسل میں خواتین کی رکنیت سعودی خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
کونسل میں خواتین کو مکمل رکنیت کے حقوق دینے کے تاریخی فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے خواتین کو معاشی، تعلیمی، ماحولیاتی اور صحت کی دیکھ بھال کے معاملات کے حوالے سے فیصلہ سازی میں حصہ لینے کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون سازی ایک غیرمتزلزل بنیاد کے طور پر کام کرتی ہے جس کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کی کوششیں مطلوبہ اور پائیدار نتائج کے حصول کے لیے کی جاتی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شوریٰ کونسل نے اس سلسلے میں فعال کردار ادا کیا ہے، جو خواتین کے حقوق سے متعلق گزشتہ دہائی کے دوران مختلف قوانین کے نفاذ سے ظاہر ہوتا ہے۔
حنان بنت عبدالرحمان الاحمدی نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ شوریٰ کونسل سالانہ رپورٹس کا جائزہ لے کر سرکاری اداروں کی پارلیمانی نگرانی کرتی ہے اور اس کے مطابق فیصلے کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین سے متعلق بہت سے فیصلوں نے خواتین کے لیے متعدد شعبوں میں روزگار کے مواقع بڑھانے، ان کے حقوق کے تحفظ اور تمام شعبوں میں قائدانہ کردار کے لیے ان کی شمولیت کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
سی ایس ڈبلیو 69 میں میں شرکت کرنے والے شوریٰ کونسل کے وفد کی سربراہی حنان بنت عبدالرحمان الاحمدی کر رہی ہیں، جس میں کونسل کی رکن شہزادی الجوہرہ بنت فہد بن خالد السعود اور امل بنت عبدالعزیز الحزانی بھی شامل ہیں۔
کمیشن غربت، خواتین کے خلاف تشدد، کام کے مواقع، نوجوانوں کی سرگرمیوں اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم موضوعات پر بات کرے گا۔

شیئر: