عجمان یونیورسٹی ڈیٹا سائنس اور اے آئی میں ٹاپ 100 جامعات میں شامل
دنیا میں سرفہرست اداروں میں 51-100 رینکنگ دی گئی ہے (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کی عجمان یونیورسٹی کو کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2025 میں ڈیٹا سائنس اور مصنوعی ذہانت( اے آئی) کے شعبے میں دنیا کی ٹاپ 100 جامعات میں شامل کیا گیا ہے۔
اس شعبے میں دنیا میں سرفہرست اداروں میں 51-100 رینکنگ دی گئی ہے۔
وام کے مطابق عجمان یونیورسٹی متحدہ عرب امارات میں اس شعبے میں سرفہرست اور ملک کی واحد نمائندہ یونیورسٹی ہے۔
علاوہ ازیں یونیورسٹی نے فارمیسی اور فارماکولوجی میں عالمی سطح پر 151-200 رینکنگ جبکہ اس شعبے میں متحدہ عرب امارات میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
یونیورسٹی نے کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن سسٹمز اور ریاضی میں دنیا کی ٹاپ 201-250 جامعات میں جگہ بنائی جبکہ امارات میں دونوں شعبوں میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔
اسی طرح، اکاؤنٹنگ اور فنانس میں عالمی سطح پر 251-300 رینکنگ حاصل کی۔
عجمان یونیورسٹی نے وسیع موضوع کی رینکنگ میں بھی نمایاں ترقی کی اور کچھ مضامین میں 200 درجے تک بہتری سامنے آئی ہے۔
سوشل سائنسز اور مینجمنٹ میں، عجمان یونیورسٹی نے عالمی سطح پر 284 ویں پوزیشن حاصل کی۔ اس شعبے میں یونیورسٹی اب امارات میں تیسرے نمبر پر آ گئی ہے۔
عجمان یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر کریم سیغیر نے کہا کہ ’کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں کارکردگی بے مثال ترقی کی کہانی ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ آج ڈیٹا سائنس اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ٹاپ 100 جامعات میں شامل ہونا ایک بڑی کامیابی ہے۔‘