Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدالت کا سٹاربَکس کو جُھلسنے والے ڈیلیوری بوائے کو پانچ کروڑ ڈالر ادا کرنے کا حکم

سٹاربکس نے اس فیصلے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے (فائل فوٹو: سٹاربکس)
امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ایک عدالت نے معروف کافی کمپنی سٹاربکس کو پانچ کروڑ ڈالر ہرجانے کے طور پر ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
یہ رقم ایک ڈیلیوری بوائے مائیکل گارشیا کو ادا کی جائے گی جو سٹاربکس کا فوڈ پیکج پہنچاتے وقت ایک گرم مشروب گرنے کے باعث جھلس گئے تھے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ حادثہ آٹھ فروری 2020 کو اس وقت پیش آیا تھا جب مائیکل گارشیا نے لاس اینجلس میں ایک سٹاربکس ڈرائیو تھرو سے آرڈر اٹھایا تھا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق سٹاربکس کی آٹومیٹک کافی مشین گرم مشروبات کو کنستر میں اچھی طرح سے پیک کرنے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
اس حادثے کی وجہ سے مائیکل گارشیا کا جسم تیسرے درجے تک جل گیا تھا، ان کا اعصابی نظام بری طرح سے متاثر ہوا تھا اور اس کا جسم بری طرح سے بگڑ گیا تھا۔
متاثرہ فریق مائیکل گارشیا کے وکیل مائیکل پارکر نے سی این این کو بتایا کہ ’میرے مؤکل کو تین مشروبات پر مشتمل ایک پارسل دیا گیا تھا لیکن ایک گرم مشروب ٹھیک سے نہیں رکھا گیا تھا، جس کی وجہ سے وہ گارشیا کی گود میں گر گیا اور سنگین زخموں کا باعث بنا۔‘
’یہ زخم جسمانی اور جذباتی طور پر تباہ کن تھے۔ اس حادثے کی وجہ سے گارشیا کی زندگی کے معیار پر گہرے اثرات مرتب ہوئے۔‘
جیوری نے مائیکل گارشیا کے حق میں فیصلہ دیا ہے اور جسمانی تکلیف، ذہنی دباؤ اور طویل المدتی معذوری کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی کو بھاری ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

مائیکل گارشیا فوڈ ڈلیوری اٹھاتے وقت جل گئے تھے (فائل فوٹو: انسٹاگرام)

سٹاربکس نے جیوری کے فیصلے سے اختلاف کا اظہار کرتے ہوئے اعلٰی عدالت میں اس کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سٹار بکس کے ترجمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ’ہم مسٹر گارشیا کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں لیکن ہم جیوری کے اس فیصلے سے متفق نہیں کہ یہ ہماری غلطی تھی اور ہمیں دی گئی ہرجانے کی رقم ضرورت سے زیادہ لگتی ہے۔‘
’ہم ہمیشہ اپنے آؤٹ لیٹس میں اعلیٰ حفاظتی معیارات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم رہے ہیں، جس میں گرم مشروبات کو محفوظ طریقے سے ہینڈل کرنا بھی شامل ہے۔‘
دوسری جانب مائیکل گارشیا کی قانونی ٹیم کا کہنا تھا کہ سٹاربکس کی غفلت نے ان کے مؤکل کی زندگی کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
’مائیکل گارشیا کی زندگی ہمیشہ کے لیے بدل چکی ہے، کوئی بھی رقم اس ناقابلِ تلافی نقصان کی تلافی نہیں کر سکتی جو انہیں پہنچا ہے، لیکن یہ جیوری کا فیصلہ سٹاربکس کو ان کی غفلت کے لیے جوابدہ ٹھہرانے اور ذمہ داری قبول نہ کرنے پر مجبور کرنے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔‘

 

شیئر: