عہد نبوی میں تعمیر ہونے والی ’مسجد العضام‘ کی بحالی کا کام مکمل
عہد نبوی میں تعمیر ہونے والی ’مسجد العضام‘ کی بحالی کا کام مکمل
اتوار 16 مارچ 2025 6:11
یہ مسجد پتھروں ، گارے اور لکڑیوں سے تعمیر کی گئی تھی (فوٹو: ایس پی اے)
تاریخی و قدیم مساجد کی تعمیرِ نو وتزئین کے حوالے سے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں العلا کمشنری کی ’مسجد العضام‘ کی تعمیرِ نو کا کام مکمل کر لیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد العضام 14 صدی قدیم اور عہد نبوی میں تعمیر ہوئی تھی۔
اس مسجد کی وجہ تسمیہ ’عظام‘ یعنی ہڈی والی مسجد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ سال 9 ہجری میں نبی اکرم ﷺ اسلامی لشکر کے ساتھ غزہ تبوک کے لیے روانہ ہوئے تھے تو یہاں آپ ﷺ نے نماز ادا کی قبلے کا تعین ہڈی سے کیا جس کی وجہ سے اسے ’مسجد العضام‘ یعنی ہڈی والی مسجد کہا جانے لگا۔
مسجد کا مجموعی رقبہ 733.34 مربع میٹر ہوگیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
واضح رہے ولی عہد منصوبے کے تحت اس تاریخی و قدیم ترین مسجد کی تعمیرِ نو مدینہ منورہ ریجن کی ثقافت اور مروجہ طرز تعمیر کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ۔
تعمیرنو کے بعد اس مسجد کا مجموعی رقبہ 733.34 مربع میٹر ہوگیا ہے جبکہ 580 افراد بیک وقت اس میں نماز ادا کرسکتے ہیں۔
عہدِ رفتہ میں یہ مسجد پتھروں ، گارے اور لکڑیوں سے تعمیر کی گئی تھی مختلف ادوار کے بعد اب اس مسجد کی دوبارہ تعمیر نو کا کام اس انداز میں کیا گیا ہے کہ اس کی اصل شکل اور بناوٹ میں فرق نہ آئے۔