Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انٹینٹ والی اگلی نسل مجموعی طور پر 12 گیندیں بھی نہ کھیل سکی‘

92 رنز کے ہدف کو نیوزی لینڈ نے بآسانی 10.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اتوار کو کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 92 رنز کے ہدف کو نیوزی لینڈ نے بآسانی 10.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹِم سائفرٹ نے 44 اور فِن ایلن نے 29 رنز بنائے۔
پاکستانی ٹیم ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.4 اوورز میں 91 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی پہلی تین وکٹیں صرف ایک سکور پر گر گئیں۔
خوشدل شاہ 32 اور کپتان سلمان علی آغا 18 رنز بنا کر نمایاں رہے تاہم اِن کے علاؤہ کوئی بھی بیٹر وکٹ پر رُک نہ سکا۔
پاکستان کے آٹھ بیٹر ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
یہ سلمان علی آغا کا بطور کپتان پہلا ٹی20 میچ تھا۔
پاکستانی ٹیم 2026 میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے نوجوان کھلاڑیوں پر تجربات کر رہی ہے۔
اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر کرکٹ شائقین کے تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
اے زیڈ خواجہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’انٹینٹ والی اگلی نسل مجموعی طور پر 12 گیندیں ہی نہیں کھیل سکی، کیا بات ہے۔‘

کاظمی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’بابر اور رضوان مڈل آرڈر کے لیے آخری چھ اوورز چھوڑتے تھے۔ اب سے ہم کھیلیں گے ہی صرف چھ اوورز۔‘

حنان نے بابر اعظم کی تصویر اپنی پوسٹ میں لگا کر لکھا کہ ’تیری یاد آئی تیرے جانے کے بعد۔‘

ایکس ہینڈل بیک ورڈ پوائنٹ پوڈ نے لکھا کہ ’ایک مرتبہ پھر سے کہوں گا مجھے بالکل نئی ٹی20 ٹیم کا 14 رنز پر 4 آؤٹ ہونا 35 پر کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں پر منظور ہے۔ اس تجربے کو جاری رکھیں۔‘

کامران مظفر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’باہمی سیریز میں تجربہ کرنا اور ناکام ہونا بڑے ایونٹ میں تجربہ نہ کرنا اور ناکام ہونے سے بہتر ہے۔‘

 

شیئر: