الباحہ کے ضلع العقیق میں رمضان کو گرمجوشی اور کمیونٹی کے جذبے کے ساتھ مناتے ہوئے متعدد خاندان خوبصورت قدیم گھروں میں اکٹھے ہو کر افطار کرتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی واس کے مطابق روزہ افطار کرنے کا یہ عمل رمضان روایات کو منفرد پہچان دیتا ہےاور یہ ایسا تجربہ ہے جو زندہ روایات اور مقامی ذائقوں کو ایک جگہ اکٹھا کرتا ہے۔

الباحہ کی ثقافتی شناخت کی علامت قدیم گھر اس خطے کی تاریخ کے خاموش گواہ ہیں، ان گھروں میں خاندان اور دوست افطار دستر خوان پر جمع ہو کر آباؤ اجداد کی کہانیاں سناتے ہیں۔
اجتماعی افطار کے ذریعے ماضی سے جڑنے کا احساس پروان چڑھتا ہے اور یہ موقع صرف کھانے کا وقت نہیں بلکہ خاندانی اور سماجی رشتے مضبوط کرنے کا وقت بھی ہوتا ہے۔
افطاری کے لیے جمع ہونے والے رہائشی آپسی گفتگو میں گذشتہ رمضان کی یادیں تازہ کرتے ہیں جو کمیونٹی میں یکجہتی اور محبت کے رشتے مزید مضبوط بناتی ہیں۔

مقامی خاتون عودہ الغامدی نے بتایا ’ ہمارا آبائی گھر1386 ہجری میں تعمیر ہوا تھا اور یہ مسلسل تیسرا رمضان ہے جب ہمارا پورا خاندان مل کر اپنے اس روایتی گھر میں افطار کر رہا ہے۔
عودہ الغامدی نے اپنے بچپن کا رمضان یاد کرتے ہوئے بتایا ’ روایتی اور علاقائی پکوان تیار کرنے کے لیے مغرب کی اذان سے پہلے صحن میں آگ جلائی جاتی تھی۔
افطار کے لیے تازہ روٹی، خوشبودار قہوہ اور کھجوروں سے تیارکردہ خاص صحت افزاء مشروب ’مریسا‘ جس میں اکثر لیموں یا ادرک شامل کیا جاتا تھا۔
