رمضان دسترخوان پر طرح طرح کے روایتی پکوان خاندانی و علاقائی ثقافت
جمعرات 13 مارچ 2025 17:36
مملکت کا مقبول روایتی مشروب ’صوبیہ‘ مدینہ منورہ میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
رمضان کا مہینہ سعودی عرب میں روایتی کھانوں کو زندہ کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے جب بہت سے خاندان علاقائی خصوصیات کے مطابق سحر و افطار تیار کرتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت بھر میں بسنے والے متعدد خاندان نسل در نسل اپنے کھانوں کی روایات کو اپناتے ہوئے رمضان دسترخوان پر طرح طرح کے لوازمات پیش کرتے ہیں۔
رمضان اور ان روایتی کھانوں کے درمیان تعلق صرف رسم و رواج سے جڑا نہیں بلکہ ان کی غذائی اہمیت بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ماہ رمضان میں تیار کئے جانے والے کھانے اکثر ایسے اجزاء سے بھرپور ہوتے ہیں جو توانائی فراہم کرتے ہیں جیسا کہ گوشت اور سبزیاں جو روزے کے طویل دورانیے کے بعد جسم کی توانائی بحال کرتی ہیں۔
مملکت میں کھانوں کے آرٹس کمیشن کے مطابق شمالی سرحدی علاقے کی خاص اور مشہور ڈش ’الخمیعہ‘ ہے جبکہ مشرقی صوبے میں ہلکی آنچ پر پکا ہوا گندم اور گوشت کا سوپ ’ہریس‘ مشہور ہے۔
ریاض کی خاص علاقائی ڈش باریک آٹے، گوشت، پیاز اور مصالحوں سے تیار کیا گیا شوربہ ’مرقوق‘ ہے جبکہ قصیم میں خاص قسم کی لذیذ التواہ پیسٹری معروف ہے۔
تبوک میں آٹے، کھجور، شہد اور مکھن کے ساتھ ایک مقبول ڈش ’المفروکہ‘ تیار کی جاتی ہے جبکہ جازان پیاز اور مصالحوں کے ساتھ پکی ہوئی مکشن مچھلی کے لیے مشہور ہے۔

حائل میں کھجور کی پیسٹ سے بنائی گئی گیند کی مانند سوئٹ ڈشن ’ البسیسہ ‘ دستیاب ہے ، عسیر میں پسند کی جانے والی معروف ڈش ’تصابیع‘ ہے جو آٹے، دودھ اور چینی سے تیار ہوتی ہے۔
نجران میں آٹے سے تیار کردہ خاص پکوان ’الوفد اور المراق‘ ہیں جبکہ مکہ مکرمہ میں سرخ جو کا سوپ بہت عمدہ تیار کیا جاتا ہے۔

سعودی عرب کا مقبول روایتی مشروب ’صوبیہ‘ مدینہ منورہ میں بہت پسند کیا جاتا ہے جو خاص انداز سے تیار کیا جاتا ہے۔
سعودی عرب میں رہنے والی نوجوان نسل روایتی کھانوں کی طرف سوشل میڈیا کے ذریعے مائل ہو رہی ہے۔

ویسٹرن ریجن میں رہنے والی ماں، بیٹی لوزا المہدی اور ایمان الحسینی یہ سمجھتی ہیں چاہے ہم جتنی بھی نئی ترکیبیں آزما لیں، روایتی کھانوں کی اپنا ایک مخصوص مقام ہے کیونکہ ثقافتی ڈشیں بچپن کی یادیں زندہ کرتی ہیں اور ہمیں ماضی سے جوڑتی ہیں۔
رمضان کا لازمی جُزو اور خاص میٹھا ’معمول‘ ہے جو کھجور سے بھرے ہوئے بسکٹ کی مانند اور قدیم ثقافتی اہمیت رکھتا ہے۔
