Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’غزہ پر اسرائیلی حملے  بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی‘

رابطہ عالم اسلامی کا کہنا ہے عالمی برادری اس قتل عام کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے (فوٹو: روئٹرز)
رابطہ عالم اسلامی نے اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی پر حملوں کے دوبارہ آغاز کی شدید مذمت کی ہے۔
 جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں رابطہ کے سیکرٹری جنرل اور  چیئرمین مسلم علما کونسل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اسرائیلی حملوں کی  مذمت کی اور اسے بین الاقوامی اور انسانی قوانین و روایات کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ’وہ اس قتل عام کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔‘
اسرائیلی حملوں میں بے گناہ شہریوں اور عام شہری تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ منگل کو علی الصباح  اسرائیل نے غزہ پر یکے بعد دیگرے کئی فضائی حملے کیے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے ان کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 413 ہو گئی ہے۔
یہ حملے جنگ بندی کے دو مہینے بعد سامنے آئے ہیں۔ جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں چھ ہفتے کے دوران حماس نے تین درجن کے قریب یرغمالیوں کو رہا کیا جن کے بدلے میں 2000 فلسطینی قیدیوں کو چھوڑا گیا۔
تاہم دو ہفتے قبل پہلے مرحلے کے ختم ہونے کے بعد فریقین جنگ بندی کو اگلے مرحلے میں لے جانے پر متفق نہیں ہو سکے جس کا مقصد باقی ماندہ تقریباً 60 یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کا خاتمہ تھا۔

شیئر: