Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو:  پاک افغان طورخم بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں 25 دن بعد بحال، ’پیدل آمدورفت دو دن بعد‘

اہم نکات

  • پاک افغان طورخم بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں 25 دن بعد بحال
  • پاکستانی ایئرلائنز پر پابندی کا معاملہ، برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کا اجلاس کل
  • وفاقی حکومت نے عیدالفطر پر تین چھٹیوں کا اعلان کر دیا
  • صدر مملکت آصف علی زرداری ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے

دہشت گردوں کو ہر قیمت پر شکست دیں: آصف علی زرداری

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ہر قیمت پر شکست دیں گے۔
بدھ کو کوئٹہ میں ان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا، جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گرد قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
’صورت حال واضح ہے، ریاست نے رہنا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’بلوچستان دل کے قریب ہے، اس کی ترقی اور یہاں پائیدار امن چاہتے ہیں۔‘
اجلاس میں
قائم مقام گورنر عبدالخالق اچکزئی،  چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاک افغان طورخم بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں 25 دن بعد آج بحال ہو گئی ہیں۔
طورخم بارڈر پر فلیگ میٹنگ میں تجارت کی بحالی کا فیصلہ ہوا۔
بدھ کو 25 دن بند رہنے کے بعد تجارت و مریضوں کے لیے اس سرحد کھول دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پیدل آمدورفت دو دن بعد بحال ہو جائے گی۔ ’امیگریشن عملہ موجود ہے لیکن سکینرز کی خرابی کے باعث مسافروں کی آمدورفت معطل رہے گی۔‘
سکینرز میں تکنیکی خرابی دور ہونے کے بعد مسافروں کو جمعے کے دن آمدورفت کی اجازت دی جائے گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔
ایوان صدر سے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق ’وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور صوبائی وزراء نے کوئٹہ ایئر پورٹ پر صدر مملکت کا استقبال کیا۔‘
بیان کے مطابق صدر مملکت امن و امان سے متعلق بریفنگ میں شرکت کریں گے ۔ اس کے علاوہ صدر مملکت بلوچستان کے پارلیمانی نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

کوئٹہ: تین بڑی یونیورسٹیاں سکیورٹی خدشات کے باعث بدستور بند

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں تین بڑی یونیورسٹیاں سکیورٹی خدشات کی وجہ سے بدستور بند ہیں۔
کوئٹہ میں واقع  بلوچستان یونیورسٹی، بلوچستان یونیورسٹی  آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) اور سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کو رواں ہفتے کے آغاز میں اچانک بند کر دیا گیا تھا۔
تینوں یونیورسٹیوں کی انتظامیہ نے اساتذہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ آن لائن کلاسز لیں۔ تینوں یونیورسٹیوں کی انتظامیہ اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے تاہم بلوچستان یونیورسٹی کے ایک افسر نے اردو نیوز کے نامہ نگار زین الدین احمد کو بتایا کہ یہ فیصلہ شہر میں سکیورٹی خطرات اور بڑھتی ہوئی بے امنی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
بیوٹمز یونیورسٹی کے ایک پروفیسر نے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے جمعرات سے دوبارہ فزیکلی کلاسز شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے تاہم  یونیورسٹی کی بس اور ٹرانسپورٹ سروس بدستور بند رہے گی۔
 کوئٹہ کی بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزگ طلبہ کے درمیان تصادم کے ایک واقعہ کے بعد سے پہلے ہی شتہ کئی ماہ سے بند ہے۔

پاکستانی ایئرلائنز پر پابندی کا معاملہ، برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کا اجلاس کل

 
برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کا اجلاس کل (جمعرات کو) ہو گا جس میں ممکنہ طور پر پاکستانی ایئرلائنز پر پابندی کا معاملہ بھی زیرغور آ سکتا ہے۔
برطانیہ میں پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز پر پانچ سال سے پابندی عائد ہے۔
واضح رہے کہ جولائی 2020 میں جعلی لائسنس پائلٹس سکینڈل سامنے آنے پر برطانیہ اور یورپ میں پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز کی پروازوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
سول ایوی ایشن کے حکام کا کہنا ہے کہ ’امید ہے کل برطانوی ایئرسیفٹی کمیٹی پاکستانی ایئرلائنز کی پروازوں عائد پابندی  ہٹا دے گی۔‘

وفاقی حکومت نے عیدالفطر پر تین چھٹیوں کا اعلان کر دیا

 
پاکستان کی وفاقی حکومت نے عیدالفطر پر تین عام تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔
کابینہ ڈویژن سے بدھ کو عید کی چھٹیوں سے متعلق نوٹیفیکشن جاری کیا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق ملک میں 31 مارچ سے دو اپریل (پیر سے بدھ) تک عام تعطیلات ہوں گی۔

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے توشہ خانہ کا 1947 سے اب تک کا ریکارڈ طلب کر لیا

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے توشہ خانہ کا 1947 سے اب تک کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں جنید اکبر خان کی زیرصدارت پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں توشہ خانہ کے ریکارڈ کی عدم دستیابی سے متعلق آڈٹ اعتراض کا جائزہ لیا گیا۔
آڈٹ سے متعلق حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ سنہ 1990 سے سنہ 2002 تک کا توشہ خانہ کا ریکارڈ ہمیں نہیں ملا جبکہ سکریٹری کابینہ نے کہا کہ ’توشہ خانہ کا سارا ریکارڈ کابینہ کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ سنہ 2002 سے اب تک کا سارا ریکارڈ تفصیلات کے ساتھ اپلوڈڈ ہے، اس سے پہلے کا ڈیٹا آرکائیو میں پڑا ہو گا جس پر وقت لگ سکتا ہے۔
کمیٹی کے رکن سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ ’آرکائیو سے نکال کر ڈیٹا سارا ویب سائٹ پر اپلوڈ کر دیں۔‘
اجلاس کے دوران چیئرمین پی اے سی جنید اکبر نے توشہ خانہ کا 1947 سے اب تک کا ریکارڈ طلب کر لیا

ایک ماہ تک چینی کی قیمت 164 روپے فی کلو تک ہو گی: اسحاق ڈار

 
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایک ماہ تک چینی کا ایکس مل ریٹ 159روپے ہو گا جبکہ چینی کی ریٹیل پرائس 164روپے فی کلو ہو گی۔
اسحاق ڈار نے بدھ کو چینی کی قیمت سے متعلق اجلاس کے بعد بتایا کہ وزیراعظم نےچینی کی قیمتوں کے معاملےپر کمیٹی قائم کی تھی۔کمیٹی کے اجلاس میں شوگر ملز مالکان کے تحفظات کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ رانا تنویر حسین کی سربراہی میں قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ملک میں چینی کی کوئی قلت ہے نہیں ہو گی۔ ملز مالکان کرشنگ سیزن بروقت شروع کریں گے۔

چیف منسٹر لیپ ٹاپ سکیم میں اپلائی کرنے کا کل آخری روز

 
پنجاب کے وزیرتعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ چیف منسٹر لیپ ٹاپ سکیم میں اپلائی کرنے کا کل (جمعرات کو) آخری روز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’لیپ ٹاپ کے لیے اب تک اڑھائی لاکھ سے زائد طلبہ رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ بی ایس کے طلبہ کل تک آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔
وزیر تعلیم  نے کہا کہ آخری تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ طلبہ https://cmlaptophed.punjab.gov.pk/  لنک پر آن لائن اپلائی کریں۔ طلبہ کو جدید ترین کور آئی سیون لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔
بی ایس کے طلبہ کے لیے 65 فیصد، میڈیکل سٹوڈنٹس کے لیے 80 فیصد میرٹ مقرر کیا گیا ہے۔ یہ میرٹ انٹرمیڈیٹ کے نمبرز کی بنیاد پر متعین کیا جائے گا۔

عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز قرض کی منظوری دے دی

عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز قرض کی منظوری دے دی ہے۔
عالمی بینک کے بدھ کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ’یہ رقم موسمیاتی تبدیلی سے متاثر غریب کاشت کاروں کے لیے ہو گی۔ اس سے موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ افراد کو چھوٹے قرضے دیے جائیں گے۔‘
یہ رقم عالمی بینک کے 10سالہ کنٹری پارٹنر شپ پروگرام کا حصہ ہے۔
عالمی بینک کا کہنا تھا کہ ’مائیکرو فنانس غریب طبقے کی مالی مدد کے لیے ایک اہم ذریعہ ہے، اس منصوبے سے 10 لاکھ خواتین سمیت تقریباً 19 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان میں ورلڈ بینک کے تعاون سے 54 منصوبے جاری ہیں۔ اس طرح پاکستان میں عالمی بینک کی کُل سرمایہ کاری 15 اعشاریہ سات ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے

’کیش لیس خیبرپختونخوا‘ ، صوبے میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے اجراء کا فیصلہ

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے ہر قسم کی لین دین اور کاروباری ادائیگیوں کے لیے یونیورسل ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے اجراء کا فیصلہ ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’کیش لیس خیبر پختونخوا‘ کے برینڈ نام سے یونیورسل ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم پر عمل درآمد کے لیے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔
بیان کے مطابق ’اس سسٹم کے تحت ہر قسم کے چھوٹے بڑے کاروبار اور نجی و سرکاری لین دین کے لیے آن لائن ادائیگی لازمی ہو گی اور یہ سسٹم آف لائن بھی کام کرے گا۔‘
کیش لیس خیبر پختونخوا پروگرام کے تحت تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز، پبلک ٹرانسپورٹ وغیرہ کے لیے کیو آر کوڈ آویزاں کرنا لازمی ہو گا۔

 پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد کی حقیقی ترجمان ہے: بیرسٹر سیف

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’اجلاس بلانے والے بتائیں کہ نواز شریف نے اجلاس کا بائیکاٹ کیوں کیا؟‘
بیرسٹر سیف نے بدھ کو اپنے بیان میں سوال اٹھایا کہ ’کیا نواز شریف کی غیرموجودگی دہشت گردوں کی حمایت ہے؟ کیا نواز شریف کے پلیٹ لیٹس پھر گر گئے ہیں کہ اجلاس میں نہیں آئے؟‘
انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی قیادت کو جیل میں قید کر کے حکومت نے قومی اتفاق رائے کو خود ناکام بنایا۔ گزشتہ پانچ آپریشنز کی طرح کسی نئے آپریشن سے پہلے قومی اتحاد کی طاقت سے مسلح ہونا اولین شرط ہے۔‘
’پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف قوم کے اتحاد اور احساسات کی حقیقی ترجمان ہے اور دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دینے والے قوم کے بہادروں کے ساتھ کھڑی ہے۔‘

تیسرا ٹی20 ، پاکستانی ٹی20 سکواڈ آکلینڈ پہنچ گیا

پاکستان کرکٹ ٹیم تیسرے ٹی20 کے لیے ڈونیڈن سے آکلینڈ پہنچ گئی ہے۔
قومی ٹی20 سکواڈ کل ایڈن پارک آکلینڈ میں دو بجے سے پانچ بجے تک پریکٹس کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تیسرا ٹی20 میچ 21 مارچ (جمعے) کو کھیلا جائے گا۔

چین کے تعاون سے سولر پروجیکٹس میں اضافہ کریں گے: وزیراعلیٰ سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف زرداری کی چین کے صدر سے ملاقات کے بعد ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوئی ہیں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ کی ملاقات کی اور اس موقعے پر سی پیک کے جاری منصوبوں اور نئے پروجیکٹس پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ’کراچی میں پانی کے مختلف منصوبے چین کے تعاون سے شروع کرنے جا رہے ہیں۔ سولر پروجیکٹس بھی چین کے تعاون سے بڑھائیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں چین کے دورے کا منصوبہ بنا رہا ہوں تاکہ میگا پروجیکٹس طے کر سکیں۔‘
چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے کہا کہ ’چین کے سرمایہ کار سندھ میں مزید سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث تین ملزمان گرفتار

پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور نے ویزہ فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث دو اشتہاریوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت خلیل اللہ، مرجان علی اور حارث خان خلیل کے نام سے ہوئی۔‘
بیان کے مطابق ’ملزم خلیل اللہ اور مرجان علی کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ یہ ملزمان 2024 میں درج کیے گئے مقدمے میں مطلوب ہیں۔‘
ایف آئی اے کے مطابق ’ملزمان شہریوں کو امریکی ورک ویزے فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پائے گئے۔‘
ایک اور چھاپہ مار کارروائی پشاور میں واقع ٹریول ایجنسی کے دفتر ملزم حارث خان خلیل کو گرفتار کیا جن پر بغیر لائسنس ٹریول ایجنسی چلانے کا الزام ہے۔

شیئر: