Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رمبل ان دی جنگل‘ میں محمد علی کلے سے ہارنے والے سابق چیمپیئن ’بگ جارج‘ کا انتقال

جارج فورمین اپنے دور کے باکسرز کے مقابلے میں بلند قامت تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
سنہ 1974 میں باکسنگ کے مشہور مقابلے ’رمبل ان دی جنگل‘ میں محمد علی کلے سے ہارنے سابق ہیوی ویٹ چیمپیئن جارج فورمین 76 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق محمد علی کلے سے ہارنے کے دو دہائیوں کے بعد وہ ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
فورمین نے نوعمری میں ہی سکول چھوڑ دیا تھا اور وہ ’بگ جارج‘ کے نام سے مشہور ہوئے۔ وہ اولمپک چیمپئن بنے اور بعد میں باکسنگ کے لیجنڈ بھی قرار پائے۔
وہ بطور پروفیشنل باکسر 81 بار رنگ میں اُترے۔ ان میں سے وہ 76 میں فتح یاب رہے جن میں سے 68 ناک آؤٹ کے ذریعے جیتے۔
باکسنگ کے ساتھ ساتھ وہ ٹی وی اشتہارات میں مسکراتے ہوئے اور دوستانہ نظر آتے رہے، اور کھیل کی دنیا سے باہر ایک مشہور شخصیت بن گئے۔
فورمین کے اہل خانہ نے انسٹاگرام پر ایک بیان میں کہا کہ ’گہرے دکھ کے ساتھ ہم اپنے پیارے جارج ایڈورڈ فورمین سینیئر کے انتقال کا اعلان کرتے ہیں، جو 21 مارچ 2025 کو اپنے پیاروں کے درمیان پرسکون طور پر رخصت ہو گئے۔‘
اہلخانہ نے لکھا کہ ’ہم محبت اور دعاؤں کے اظہار کے لیے شکرگزار ہیں، ہم ایک ایسے شخص کی غیرمعمولی زندگی کا احترام کرتے ہیں جسے ہمیں اپنا کہنے کا اعزاز حاصل ہے۔‘
وہ 10 جنوری 1949 کو ٹیکساس میں پیدا ہوئے تھے، فورمین ہیوسٹن میں پلے بڑھے۔
جارج فورمین اپنے دور کے باکسرز کے مقابلے میں بلند قامت تھے، چھ فٹ اور چار انچ قد کی وجہ سے ’بگ جارج‘ کہلوائے۔
اکتوبر 1974 میں کنشاسا میں محمد علی کلے کے خلاف اپنے تیسرے ٹائٹل کے دفاع کے لیے اُترے تو اُس وقت فورمین 40 پروفیشنل باؤٹس میں ناقابل شکست تھے۔
وہ جیت رہے تھے لیکن محمد علی کلے کے چکمہ دینے کے حربوں نے ’بگ جارج‘ کو تھکا دیا۔ اور وہ آٹھ راؤنڈ میں ہار گئے۔
شکست نے فورمین کی کامیابیوں کو گہنا دیا۔ انہوں نے بعد میں کہا کہ ’میں یقین نہیں کر سکتا تھا کہ میں ورلڈ ٹائٹل کھو دوں گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ میری زندگی کا سب سے شرمناک لمحہ تھا۔ یہ فخر سے مایوسی کی طرف سفر ہے۔ یہ تباہ کن ہے۔‘

شیئر: