Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جیک پال سے باکسنگ، مائیک ٹائسن کو ملنے والی رقم ان کی کُل دولت سے زیادہ؟

اپنے کیریئر میں 400 ملین ڈالر سے زائد کمانے والے مائیک ٹائسن 2013 میں دیوالیہ ہو گئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
حال ہی میں معروف یوٹیوبر جیک پال نے عالمی شہرت یافتہ ہیوی ویٹ چیمپئن مائیک ٹائسن کو باکسنگ مقابلے میں شکست دی ہے۔ 
15 نومبر کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں ہونے والا یہ دلچسپ مقابلہ نیٹ فلکس پر براہ راست نشر کیا گیا جو کہ ساڑھے چھ کروڑ سٹریمرز نے دیکھا۔
آٹھ راؤنڈز پر مشتمل باکسنگ میچ کا فیصلہ پوائنٹس کی بنیاد پر کیا گیا جب ججوں نے جیک پال کو فاتح قرار دیا۔
جہاں پوری دنیا میں اس باکسنگ میچ کے چرچے ہیں، وہیں شائقین یہ قیاس کرتے دکھائی دیے کہ دونوں باکسرز نے اس میچ سے کتنی رقم کمائی ہوگی؟
اگرچہ میچ کے پروموٹرز نے باکسرز کی انعامی رقم واضح نہیں کی، مگر ویب سائٹ ڈرافٹ کنگز نیٹ ورک نے رپورٹ کیا ہے کہ مائیک ٹائسن نے اس مقابلے سے 20 ملین ڈالر کمائے ہیں۔ 
ویب سائٹ سلیبرٹی نیٹ ورتھ کے مطابق 58 سالہ مائیک ٹائسن کی موجودہ کُل دولت 10 ملین ڈالر ہے، تاہم اس میچ سے ملنے والی رقم ان کی موجودہ دولت سے بھی زیادہ بنتی ہے۔
واضح رہے فوربز کے مطابق مائیک ٹائسن نے اپنے کیریئر میں باکسنگ مقابلوں سے ہی 400 ملین ڈالر سے زیادہ کمائے تھے، اور مشکل ادوار سے گزرنے کے بعد سنہ 2003 میں انہوں نے خود کو دیوالیہ ظاہر کر دیا تھا۔
دوسری جانب ڈرافٹ کنگ نیٹ ورک کے مطابق 27 سالہ جیک پال نے اس باکسنگ میچ سے 40 ملین ڈالر کمائے ہیں جو مائیک ٹائسن کی جیتی گئی رقم سے دو گنا زیادہ ہیں۔
جیک پال سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہیں اور صرف انسٹاگرام پر ہی ان کے 27 ملین فالوورز ہیں۔ 
جیک ’موسٹ ویلیو ایبل پروموشنز‘ (MVP) نامی کمپنی کے شریک بانی ہیں، اور ان کی کمپنی نے نیٹ فلکس کے ساتھ شراکت میں اس باکسنگ میچ کی تشہیر بھی کی تھی۔
سلیبرٹی نیٹ ورتھ کے مطابق، جیک پال کی مجموعی دولت کا تخمینہ 80 ملین ڈالر ہے۔

شیئر: