Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی پروجیکٹ کے تحت یمن سے ایک ہفتے میں مزید 552 بارودی سرنگیں صاف

چارلاکھ 85 ہزار501 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ نے ایک ہفتے کے دوران یمن کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کی نصب کردہ مزید 552 بارودی سرنگوں کو صاف کیا ہے۔
عرب نیوز نے ایس پی اے کے حوالے سے بتایا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نگرانی میں مسام پروجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے 513 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز،35 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں اور 4 دیسی ساختہ ڈیوائسز کو تباہ کیا ہے۔
 2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی چارلاکھ 85 ہزار501 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
مارب، عدن، الجوف، لحج، صنعا، صعدہ، البیضا، الضالع، شبوہ، تعز، الحدیدہ اور دیگر علاقوں سے بارودی سرنگیں صاف کی گئی ہیں۔
حوثیوں کی جانب سے یمن بھر میں نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں سے بچوں، خواتین اور معمرافراد سمیت معصوم شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ 
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
یہ پروجیکٹ مقامی انجینیئرز کی بھی تربیت اورانہیں جدید آلات فراہم کرتا ہے جبکہ باردودی سرنگوں کی زد میں آنے والے یمنی شہریوں کی بھی مدد کی جاتی ہے۔
مسام پروجیکٹ کے مطابق یمن میں بحران کے آغاز سے اب تک تقریبا 50 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے جن میں بیشتر بارودی سرنگوں کے باعث بے گھر ہوئے۔

 

شیئر: