لائیو: عدالت نے ماہ رنگ بلوچ سے رشتہ داروں اور وکلا کو ملنے کی اجازت دے دی
اہم نکات
-
ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے منظور
-
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مزید 10 کارکن گرفتار، مقدمات درج
-
معمول سے کم بارشیں، پاکستان کے تین صوبوں میں خشک سالی کا خطرہ
-
پاکستانیوں کی بڑی تعداد بینکنگ سہولت سے محروم ہے: ایشیائی ترقیاتی بینک
-
وزارت داخلہ نے خیبر پختونخوا حکومت سے افغان طلبا کا ریکارڈ طلب کر لیا
بلوچستان ہائیکورٹ نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سے رشتہ داروں اور وکلا کو ملنے کی اجازت دے دی
بلوچستان ہائی کورٹ نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی ہے۔
کوئٹہ سے اردو نیوز کے نامہ نگار زین الدین احمد کے مطابق منگل کو عدالت نے ماہ رنگ سے رشتہ داروں اور وکلا کو ملنے کی بھی اجازت دے دی۔
جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس شوکت علی رخشانی پر مشمل بلوچستان ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے یہ حکم ماہ رنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دیا۔
حبیب طاہر، عمران بلوچ، خالد کبدانی اور مزدفلہ اچکزئی کے توسط سے دائر درخواست میں نادیہ بلوچ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ماہ رنگ بلوچ کو بغیر کسی وجہ کے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیاگ یا ہے جو آئین کے آرٹیکل 15، 16 اور 19 کی خلاف ورزی ہے-
عدالت نے ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے قبول کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی محکمہ داخلہ، آئی جی پولیس سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کردیے۔
بیڈ گورننس دہشت گردی کو تقویت دیتی ہے: وزیراعلٰی بلوچستان

وزیراعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بیڈ گورننس دہشت گردی کو تقویت دیتی ہے اور اس کا تدارک ضروری ہے۔
انہوں نے منگل کو سیکریٹریز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری سمیت تمام صوبائی محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں گورننس کی بہتری، ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد، درپیش چیلنجز اور رکاوٹوں کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلٰی نے کہا کہ کوئی بھی سرکاری افسر یا ملازم ریاستی بیانیے سے انحراف نہیں کر سکتا۔ ریاست مخالف عناصر کو بیڈ گورننس تقویت دیتی ہے جس کا سدباب کرنا ضروری ہے۔ بلوچستان مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ہر سرکاری اہلکار کو عوامی مسائل حل کرنے پر مکمل توجہ دینی ہوگی تاکہ عام بلوچ کے مسائل حل کیے جا سکیں اور بلوچستان کا وہ فرد جو سردی میں ٹھٹرتا اور گرمی میں جھلستا ہے اس کو ریلیف دیا جا سکے۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مزید 10 کارکن گرفتار، مقدمات درج

کوئٹہ پولیس نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مزید 10 کارکنوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف تین مقدمات درج کر لیے ہیں۔
یہ مقدمات پیر کو بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے کوئٹہ میں سونا خان چوک، قمبرانی روڈ اور مغربی بائی پاس پر سڑکیں بند کرنے کے بعد سریاب، نیو سریاب اور بروری پولیس تھانوں میں درج کیے گئے۔
مقدمات میں گرفتار کارکنوں کے علاوہ بی وائی سی کی رہنما صبیحہ بلوچ، گلزادی بلوچ، شیلی بلوچ، نوشین بلوچ، صبغت اللہ بلوچ، گلزار دوست بلوچ اور ریاض گشکوری کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس افسران کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمات میں املاک کو نقصان پہنچانے، غیرقانونی اجتماع، بغاوت، فساد اور نسلی منافرت پھیلانے سے متعلق دفعات لگائی گئی ہیں۔
کوئٹہ پولیس بلوچ یکجہتی کیٹی کی سربراہ ماہ رنگ بلوچ سمیت 500 سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف اب تک چار مختلف تھانوں میں سات مقدمات درج کر چکی ہے۔
معمول سے کم بارشیں، پاکستان کے تین صوبوں میں خشک سالی کا خطرہ

محکمہ موسمیات نے پاکستان میں معمول سے کم بارشوں کے باعث خشک سالی کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔
منگل کو محکمہ موسمیات کے خشک سالی مانیٹرنگ سینٹر کی جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق ملک میں حالیہ بارشوں کے باعث سے ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں خشک سالی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ تاہم سندھ، بلوچستان کے جنوبی علاقوں اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں خشک سالی کی صورتحال بدستور برقرار ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق یکم ستمبر 2024 سے 21 مارچ 2025 تک پورے پاکستان میں معمول سے کم 40 فیصد بارش ہوئی۔
’سندھ میں 62 فیصد، بلوچستان میں 52 فیصد اور پنجاب میں 38 فیصد کم بارش ہوئی۔ دادو، پائدان، تھرپارکر، ٹھٹہ، کراچی، بدین حیدرآباد، عمر کوٹ، گھوٹکی، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر،خیر پور اور سانگھڑ خشک سالی کی زد میں ہیں۔ اسی طرح گوادر، کیچ، لسبیلہ، پنجگور، آواران اور چاغی بھی خشک سالی سے متاثر ہیں۔
پنجاب کی تحصیل دیپالپور میں 14 سالہ لڑکی اپنے باپ کی قاتل نکلی

صوبہ پنجاب کی تحصیل دیپالپور میں ایک ہفتہ قبل قتل ہونے والے شخص کے قتل کا معمہ حل ہو گیا۔
دیپالپور پولیس کے مطابق اللہ دتہ کو پسند کی شادی میں ناکامی پر اس کی 14 سالہ حقیقی بیٹی نے قتل کیا تھا۔
قتل کی اس واردات کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں چار نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کروایا گیا تھا۔
ملزمہ نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کر لیا اور اس کی نشاندہی پر پولیس نے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔
ملزمہ نے پولیس کو اعترافی بیان میں بتایا کہ ’اس کا والد اللہ دتہ اس کو اور اس کی والدہ کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا جبکہ وہ ایک لڑکے کو پسند کرتی تھی اور اس سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن اس کا باپ سب سے بڑی رکاوٹ تھا، جس کو ہٹانے کے لیے اسکو قتل کا منصوبہ بنایا تھا۔‘
عبدالخالق شیخ کی ڈی جی ایف آئی اے تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس

وفاقی وزارت داخلہ نے عبدالخالق شیخ کی ڈی جی ایف آئی اے تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔
وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن کی واپسی کا آفس آرڈر جاری کر دیا۔ عبدالخالق شیخ کو گذشتہ روز ڈی جی ایف آئی اے کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔
عبدالخالق شیخ صرف ڈی جی نیشنل پولیس بیورو ہی ہوں گے۔
پشاور پولیس نے تین کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی میں ملوث ملزمان گرفتار کر لیے

پشاور پولیس نے بینک کی کیش لے جانے والی وین کو لوٹنے والے ملزمان کو 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں گرفتار کر لیا۔
پشاور پولیس کی جناب سے منگل کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق پشاور کے علاقے ہشتنگری کی حدود میں پیر کو ملزمان نے گلی میں کھڑی بینک آف پنجاب کی کیش والی وین کو اسلحے کے زور پر لوٹا اور تین کروڑ سے زائد رقم چھین کر فرار ہو گئے۔
گرفتار ملزمان میں وین کا ڈرائیور بھی شامل ہے جس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر تقریباً ایک ماہ سے بینک آف پنجاب کی کیش والی وین لوٹنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
پولیس کی خصوصی تشکیل کردہ ٹیم نے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے تین کروڑ 49 لاکھ 33 ہزار روپے برآمد کر لیے گئے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آج چین میں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب منگل کو چین میں چار روزہ بوآؤ فورم برائے ایشیا (بی ایف اے) کی سالانہ کانفرنس 2025 میں شرکت کریں گے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق 25 سے 28 مارچ تک جاری رہنے والے بوآؤ فورم برائے ایشیا میں وزیر خزانہ مختلف اعلٰی سطح کے مباحثوں اور نشستوں میں شریک ہوں گے۔
وہ فورمز اور نشستوں سے خطاب کے دوران ملک کے معاشی منظر نامے کو واضح کریں گے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کانفرنس میں شریک مختلف ممالک کے مندوبین اور وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے، دورہ کے دوران کمرشل اور سرمایہ کار بنکوں کے حکام سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ اعلیٰ چینی حکام سے ملاقاتیں بھی دورے کا حصہ ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب منتخب بین الاقوامی اور چینی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزارت داخلہ نے خیبر پختونخوا حکومت سے افغان طلبا کا ریکارڈ طلب کر لیا

وفاقی وزارت داخلہ نے خیبر پختونخوا حکومت سے افغان طلبا کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
وزارت داخلہ کے سکیورٹی سیل نے اس حوالے سے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو خط ارسال کر دیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ نیشنل سیکیورٹی سیل غیرملکیوں کا ڈیش بورڈ اپ ڈیٹ کر رہا ہے، صوبے میں زیرِتعلیم افغان طلبا کی تفصیلات 27 مارچ تک ارسال کی جائیں۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں اور افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والوں کو 31 مارچ تک رضاکارانہ واپس جانے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پاکستانیوں کی بڑی تعداد بینکنگ سہولت سے محروم ہے: ایشیائی ترقیاتی بینک

ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک بڑی تعداد بینکنگ سہولت سے محروم ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں فنانشل سروسز سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بالغ آبادی کی بڑی تعداد کو رسمی مالیاتی خدمات تک رسائی حاصل نہیں۔ جبکہ خواتین کے لیے بینکنگ سہولتوں تک رسائی مردوں کے مقابلے میں نصف ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی 24 کروڑ 10 لاکھ کی آبادی 60 فیصد بالغ افراد پر مشتمل ہے اور ملک میں نو کروڑ 10 لاکھ انفرادی مالیاتی اداروں کے اکاؤنٹس موجود ہیں۔ بالغ آبادی کی بڑی تعداد کو رسمی مالیاتی خدمات تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ مالیاتی اخراج خواتین پر مردوں کے مقابلے میں زیادہ اثرانداز ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بھی ایک بڑی تعداد بینکنگ سہولت سے محروم ہے۔ صرف 21 فیصد افراد کے پاس بینک اکاؤنٹ یا موبائل منی تک رسائی ہے۔ بہت سے لوگ مالی لین دین کے لیے غیر رسمی نیٹ ورکس پر انحصار کرتے ہیں۔