Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین ٹرین میں آغاز کے بعد سے ایک دن میں سب سے زیادہ مسافروں کی تعداد

حرمین ٹرین کی انتہائی رفتار 300 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ (فوٹو: الاخباریہ)
سعودی عرب میں حرمین ٹرین کی مقبولیت بڑھتی جا رہی ہے۔ 15 ویں رمضان کو ایک دن میں مسافروں کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی ۔
ایس پی اے کے مطابق حرمین ٹرین کا آغاز سال 2018 میں ہوا تھا اس وقت سے اب تک ایک دن میں مسافروں کی تعداد 48 ہزار ریکارڈ کی گئی جو اب تک سب سے زیادہ ہے۔ 
اعداد وشمار کے مطابق رمضان میں یومیہ مسافروں کی اوسطا تعداد 39 ہزار رہی جو اس بات کی واضح عکاس ہے کہ ٹرین شہریوں اور زائرین میں غیرمعمولی طورپر مقبول ہے۔
رواں برس رمضان کے آغاز سے ہی مسافروں کی بڑی تعداد کے پیش نظر ٹرین کی تعداد میں مرحلہ وار اضافہ کیا گیا جو آخری عشرے میں یومیہ 130 تک پہنچ گیا۔
حرمین ٹرین مدینہ منورہ کو مکہ مکرمہ سے جوڑتی ہے۔ کنگعبداللہ اکنامک سٹی اور کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہوتی ہوئی جدہ کے سلیمانیہ سٹیشن پہنچتی ہے جہاں سے مکہ مکرمہ کےلیےروانہ ہوتی ہے۔
حرمین ٹرین کی انتہائی رفتار 300 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔  
واضح رہے حرمین ہائی اسپیڈ ٹرین کا شمار دنیا کی 10 تیز رفتار ٹرینوں میں ہوتا ہے جبکہ مشرق وسطی کا یہ سب سے بڑا ریلوے منصوبہ ہے۔
مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کی مسافت دو گھنٹے کے اندر ٹرین کے ذریعے طے کی جاتی ہے۔ ایک ٹرین میں 13 بوگیاں ہیں جن میں 417 مسافروں کی گنجائش ہے۔

 

شیئر: