وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ٹیلی فونک رابطہ کیا.
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد کے ساتھ ساتھ امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور کویت کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کویت کے ساتھ باہمی تعاون کے لیے اپنے خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے گزشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ولی عہد کے ساتھ اپنی گرمجوش اور نتیجہ خیز ملاقات کا ذکرکیا۔
وزیراعظم نے قریبی تعاون اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے ولی عہد کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔
بیان کے مطابق کویتی ولی عہد نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورہ پاکستان سے قبل کویتی وزیراعظم پاکستان کا دورہ کریں گے۔
صباح الخالد الحمد المبارک الصباح نے وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے اور خوشحالی کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔