بحرین ٹورازم اینڈ ایگزیبیشینز اتھارٹی نے بتایا کہ عید الفطر کے دنوں میں یہاں ہوٹلوں میں رہائش کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق بحرین میں ان دنوں سعودی اور خلیجی سیاحوں کی آمد کی وجہ سے ہوٹلوں میں بکنگ کی شرح 90 فیصد سے زیادہ ہے۔
بحرین ٹورازم اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہاں کے کچھ لگژری ہوٹلز فی کمرہ اپنی اوسط آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کرا رہے ہیں۔
عید الفطر کے دوران بحرین میں ہوٹلوں میں بکنگ کی شرح 90 فیصد سے تجاوز کر جاتی ہے جبکہ خاص لگژری ہوٹلز جہاں سے سمندر کا نظارہ کیا جا سکتا ہے وہاں بکنگ کی شرح 95 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔
بحرین اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس کی سب سے بڑی وجہ عید الفطر کے دنوں میں سعودی شہریوں کی یہاں آمد ہے جو تمام سیاحوں کا 60 فیصد ہیں۔
بحرین کے ایک اخبر البلاد کا کہنا ہے کہ ان دنوں بحرین آنے والے سیاحوں میں سب سے زیادہ سعودی شہری ہیں اور عید تعطیلات کے دوران روزانہ ایک لاکھ سے زیادہ لوگ پل کراس کرکے بحرین پہنچ رہے ہیں۔ تعطیلات گزارنے کے لیے بحرین سعودی شہریوں کا پسندیدہ مقام ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق سعودی سیاح دورے خلیجی ممالک کے سیاحوں کے مقابلے میں 3 سے 4 گنا زیادہ یہاں اخراجات کرتے ہیں۔
دوسری جانب کنگ فہد کاز وے (کنگ فہد پل) انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عید کے دن یہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کے مسافروں میں گفٹس اور بچوں کے لیے کھلونے و چاکلیٹس تقسیم کیے گئے۔
کاز وے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہاں عید سے قبل رش تھا مگر حالیہ دنوں میں نئی سروس (جے ای ایس آر پلس) متعارف کرانے کے بعد رش کم ہو گیا ہے۔