وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی احمد الراجحی کا کہنا ہے کہ ’سال 2030 تک 92 ملین سے زائد روایتی ملازمتوں کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔‘
عاجل نیوز کے مطابق وزیر افرادی قوت نے ریاض میں جاری دو روزہ ’ہیومن کیپبلٹی‘ کے عنوان سے ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’جدید ٹیکنالوجی جس تیزی سے ترقی کر رہی ہے اسے دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ آنے والے دور میں لاکھوں روایتی ملازمتوں کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہو گا۔‘

الراجحی نے ’مستقبل کے لیے تیاریوں کے بعد‘ کے سلوگن کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ ’اس وقت دنیا کو جن حقیقی چیلنجز کا سامنا ہے ان میں مستقبل کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے انسانی صلاحیتوں کو اس کے مطابق ڈھالنا ہے تاکہ لوگوں کو ہونے والی ان تبدیلیوں کے مطابق تیار کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔‘
وزیر افرادی قوت نے اس بات پر زور دیا کہ تبدیل ہونے والی ٹیکنالوجی کو دیکھتے ہوئے اس کے مطابق انسانی صلاحیتوں کو ابھارا جائے تاکہ وہ عالمی سطح پر مارکیٹ کی ضرورت کو پورا کرنے کے قابل ہوں۔