ولی عہد کی زیرسرپرستی ’ انسانی صلاحیت انیشیٹیو‘ کا دوسرا ایڈیشن کل سے ریاض میں شروع ہوگا
کانفرنس میں 100 سے زائد مذاکراتی سیشنز ہوں گے(فوٹو، ایکس اکاونٹ )
ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی زیرسرپرستی ریاض کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں کل 13 اپریل کو انسانی صلاحیت انیشیٹیو کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز کیا جائے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے انسانی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے منعقد ہونے والی کانفرنس کا عنوان ’مستقبل کی تیاریوں کے بعد‘ رکھا گیا ہے۔
کانفرنس کا مقصد انسانی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے عوامل اور مواقع مہیا کرنا اور باصلاحیت افراد کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں آگے لانا ہے۔
انسانی صلاحیتوں کے فروغ کے حوالے سے منعقد ہونے والی 2 روزہ کانفرنس میں 100 سے زائد مذاکراتی سیشنز ہوں گا جن میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 300 کے قریب ماہرین اپنی آراء پیش کریں گے۔
واضح رہے کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن کے شرکاء انسانی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور باصلاحیت افراد کو معاشرے میں آگے لانے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے مستفیض ہونے کے حوالے سے اپنی آراء و تجاویز سے آگاہ کریں گے جن کی روشنی میں باصلاحیت افراد کے لیے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔