Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نائب گورنر مکہ کی حج تیاری اجلاس کی صدارت، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

مشاعر مقدسہ میں 400 واٹر کولرز کو مزید بہتر کیا جائے گا۔ (فوٹو ایس پی اے)
گورنر مکہ مکرمہ اور حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیز کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل نے حج 2025 کی تیاری اجلاس کی صدارت کی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق نائب گورنر نے حج سیزن کے لیے کی جانے والی تیاریوں کے حوالے سے اس بات پر زور دیا کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
نائب گورنر کو مشاعر مقدسہ (منی، عرفات اور مزدلفہ ) میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جن میں منی اور عرفات کی مساجد میں کیے جانے والے ترقیاتی کاموں کےعلاوہ وادی منی میں پیدل چلنے والوں کے لیے 50 ہزار میٹرمربع طویل راستے کو سایہ دار بنانے اورعرفات کے میدان میں جبل الرحمہ کے علاقے میں حجاج کو گرمی کی تپش سے بچانے کے لیے 60 ہزار مربع میٹر پر شیڈز اور پانی کے پھوار والے پنکھوں کی تنصیب کی جارہی ہے مسجد نمرہ میں بھی گرمی کو کم کرنے کے لیے 85 ہزار مربع میٹر  رقبے پر ہوا کو پرنم رکھنے کا انتظام کیا جائے گا۔
حج کمیٹی کو مشاعر مقدسہ میں شجرکاری منصوبے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا جس کے تحت 10 ہزار پودے لگائے جائیں گے جس سے موسم بھی بہتر ہوگا ۔
حجاج کی سہولت کے لیے مشاعر مقدسہ میں 400 واٹر کولرز کو مزید بہتر کیا جائے گا علاوہ ازیں وادی منی، عرفات اور مزدلفہ میں حجاج کے بیٹھنے کے لیے 28 ہزار میٹر رقبے پر مختلف فاصلوں پر آرام گاہ بنائی جائیں گی۔
مزدلفہ ترقیاتی منصوبے کے دوسرے مرحلہ کے تحت ایک لاکھ 70 ہزار مربع میٹر رقبے پر لچک دار راستوں کو تیار کیا جائے گا تاکہ پیدل چلنے والے حجاج کو سہولت ہو۔ علاوہ ازیں عرفات سے مزدلفہ پیدل جانے والے راستوں پر ہوا کو پرنم کرنے کے لیے پانی کی پھوار والے پنکھے اور واٹر کولرز کی تنصیب کی جائے گی۔
 

 

شیئر: