دوحہ: پاکستان ایسوسی ایشن اور اوجِ ادب کے تحت عالمی مشاعرہ
شوکت علی ناز پروگرام منیجر اور اعجاز حیدرمشاعرہ کوارڈینیٹر منتخب
دوحہ ( دانیال احمد)قطر کی ادبی اور سماجی تنظیم پاکستان ایسوسی ایشن نے اپنے اجلاس میں عالمی مشاعرہ دوحہ ، قطر 2017کے انعقاد کا فیصلہ کیا ۔ عالمی مشاعرہ اردو کی ابھرتی ہوئی تنظیم اوجِ ادب کے اشتراک سے ہو گا۔دوحہ عالمی مشاعروں اورفروغِ اردو ایوارڈز کے سلسلہ میں مشہور ہے اور اسکا سہرا ملک مصیب الرحمن مرحوم کو جاتا ہے ۔پاکستان ایسوسی ایشن ،قطر نے اپنے عالمی مشاعروں کے نظم ونسق کے لئے ملک مصیب الرحمن کے دستِ راست اور درجنوں عالمی مشاعروں کے چیف آرگنائزراور پروگرام منیجر شوکت علی نازکو پروگرام منیجر مقرر کیا ہے جبکہ پاکستان ایسوسی ایشن کے صدراعجاز حیدرمشاعرہ کوارڈینیٹر ہوں گے۔ان ذمہ داریوں کا اعلان ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور ادبی کمیٹی کے چیف سید فہیم الدین کی جانب سے کیا گیا ۔ عالمی مشاعروں میں شامل ہونے والی دیگر تنظیموں میں عالمی مجلس فروغِ اردو ادب (حلقہ ملک مصیب) ، شائقین ِ فن و ادب قطراودیگر مقامی تنظیمیں بھی ہیں۔