ویلز...... ویلز کے علاقے میں ایک پرائمری اسکول اس وقت بند کردیا گیا جب سمندری بگلوں نے طلباءو طالبات کو ہراساں کرنا شروع کردیا۔ اسکول کے حکام نے وقفے کے دوران بچوں کو میدان میں کھیلنے کی اجازت بھی نہیں دی۔یہ بگلے وہاں آنے والے والدین ، اساتذہ اور بچوں سے چیزیں چھین کر لیجانے کے عادی ہوچکے تھے۔ انہوں نے اسکول کی چھت پر ہی اپنے گھونسلے بنا رکھے تھے۔ انکے بچے گھونسلے سے نیچے گر جایا کرتے تھے جس کی بناءپر انکا رویہ جارحانہ ہوچکا تھا۔ اس ہفتے اساتذہ نے طلباءکو 2مرتبہ میدان میں کھیلنے سے روک دیا۔ مقامی کونسل نے اب اسکول کی چھت سے سمندری بگلوں کے گھونسلے ختم کردیئے ہیں۔ صورتحال اس حد تک خراب ہوچکی تھی کہ چند والدین کا کہناتھا کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے اور پھر وہاں سے انہیں واپس گھر لانے سے بھی خوفزدہ تھے۔ مقامی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ اسکول نے ا پنے اس مسئلے سے کونسل کو آگاہ کیا جس کے بعد ہم نے نیچرل ریسورسز کے محکمے سے سمندری بگلوں کے بچوں کو چھت سے ہٹانے کا لائسنس حاصل کیا۔اسکول میں 3سے 6سال کی عمر تک کے بچے داخل ہیں۔ 2بچوں کی ماں نے کہا کہ پچھلے سال بھی اسکول میں اسی قسم کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اسکول کمپلیکس کے آس پاس سمندری بگلوں کی بہتات ہے اور انکے بچے بھی انڈوں سے نکل آئے ہیں۔ اس کے بعد ان کا رویہ جارحانہ ہوا۔ وہ نچلی پرواز کرتے ہوئے لوگوں کے سروں پر ٹھونگیں مارتے ہیں۔