لندن... قطر نے 2022 ءکے ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے نیلامی میں جو بولی لگائی تھی اس کے بارے میں کرپشن کی خبریں پہلے ہی شائع ہوچکی ہیں لیکن اب ایک انکشاف یہ ہوا کہ قطر نے فیفا کے ا یک اعلیٰ افسر کی 10 سالہ بیٹی کو 1.6 ملین پونڈ دیئے تھے۔ جرمنی کے اخبار " بلڈ" نے 430 صفحات پر مبنی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ سے اقتباس شائع کرنا شروع کردیئے ۔ 2018 ءکیلئے روس اور 2022 ءکیلئے قطر کی طرف سے ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے جو بولی لگائی گئی تھی اس کی تحقیقاتی رپورٹ اب تک سامنے نہیں آئی۔ اس رپورٹ کو تحریر کرنے والی میکائل گارشیا 2014 ءمیں فیفا کی تحقیقاتی ٹیم سے الگ ہوچکی ہیں۔ اس وقت فیفا نے بقول ان کے ان کی تحقیقات کے بارے میں غلط رپورٹ شائع کی تھی۔ فیفا نے اس رپورٹ کو من و عن شائع کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم اس رپورٹ کے بعض اقتباس سامنے آئے۔ ایک پیرگراف میں تحریر ہے کہ قطر نے نیلامی کے عمل کی حیثیت کو نقصان پہنچایا۔ اخبار نے دعویٰ کیا کہ فیفا کے3 افسران قطری فٹبال ایسوسی ایشن کے نجی طیارے میں تقریب میں شرکت کیلئے ریو گئے۔ وہ نیلامی کے عمل سے پہلے یہ واردات کرچکے تھے۔ اخبار نے کہا کہ وہ جلد رپورٹ کی مکمل تفصیلات شائع کرے گا۔