ملتان...مسلم لیگ (ق)کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور قومی اسمبلی کے رکن طارق بشیر چیمہ نے دعوی کیا ہے کہ سانحہ بہاولپور میں 400افراد ہلاک ہوئے، لاپتہ افراد کی فہرستیں بن رہی ہیں۔ ہفتے کو نشتر اسپتال ملتان میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے سانحہ میں 400 سے زائد افراد کی ہلاکت کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ میں خود علاقے کے بلدیاتی چیئرمینوں سے ملاقات کے بعد یہ کہہ رہا ہوں، ان سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے علاقے میں لاپتہ افراد کی فہرستیں تیار کر کے ہمیں دیں۔ انہوں نے زور دیا کہ آئندہ اس طرح کے سانحات اور آئل ٹینکرز کے حادثات سے بچنے اور نمٹنے کیلئے موثر لائحہ عمل بنایا اور قانون سازی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولتیں میسر نہیں، پرویزالٰہی کے دور میں بہاولپور میں برن یونٹ بنانے کیلئے کام شروع ہوا لیکن موجودہ حکمرانوں نے اسے روک دیا۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور وکٹوریہ اسپتال میں نوازشریف کی آمد پر عملے بھی بیڈز پر لٹا دیا گیا تاکہ گونوازگو کا نعرہ نہ لگ جائے۔