کمسن بچے والد کی گاڑی میں دم گھٹنے سے دم توڑ گئے
گاڑی میں بیٹھنے کے بعد دروازے لاک کر لئے تھے
ریاض: گاڑی میں دم گھٹنے سے 2 بچے جاں بحق ہو گئے ۔ سبق نیوز کے مطابق بچے اپنے والد کی گاڑی میں چھپ کر بیٹھ گئے تھے جہاں شدید گرمی کی وجہ سے ان کا دم گھٹ گیا اور وہ جاں بحق ہو گئے ۔جاں بحق ہونے والے بچوں کے غمزدہ والد نے بتایا کہ وہ جمعہ کی نماز اداکرنے کے بعد گھر پہنچا گاڑی کھڑی کرنے کے بعد وہ گھر چلا گیا اسی اثناء میں اسکے دونوں بیٹے جن میں سے بڑا بیٹا جس کی عمر 13 برس تھی وہ ذہنی طور پر معذور تھا اپنے چھوٹے بھائی کے ہمراہ گھر والوں سے نظربچا کر گاڑی میں بیٹھ گیا اور دروازے لاک کر لئے ۔ جب دوپہر کے کھانے کا وقت ہوا تو گھر میں بچوں کو تلاش کیا مگر وہ وہاں نہیں تھے ۔ ہمیں یہ خیال بھی نہیں آیا کہ شدید گرم موسم میں بچے باہر بھی نکل سکتے ہیں اسی لئے انہیں گھر میں ہی تلاش کرتے رہے جب تمام گھر میں تلاش کر لیا تو باہردیکھا جہاں گاڑی کھڑی ہوئی تھی مگر ہم یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ بچے شدید گرمی میں گاڑی میں گھس کر دروازے لاک کر لیں گے ۔ غم زدہ والد نے مزید بتایا کہ بچے گاڑی میں ایک دوسرے کے اوپر پڑے ہوئے تھے ۔ یہ منظر دیکھ کر میں حواس کھو بیٹھا کیونکہ باہر شدید گرمی تھی جس کی وجہ سے سانس لینا بھی دوبھر تھا جبکہ بند گاڑی میں کس طرح بچوں نے سانس لیا ہو گا ۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دم گھٹنے سے بچوں کی ہلاکت ہوئی ۔