جدہ(جاوید راہو) خیبراسپتال میں زیر علاج پاکستانی نوجوان جنید احمدکسی مسیحا کے انتظار میں ہے۔ پاکستان کے علاقے مردان سے تعلق رکھنے والا جنید احمد سول انجینئر ہے۔9 ماہ قبل سائٹ سے واپس آتے ہوئے ٹریفک حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس کی غلطی سے دو پاکستانی اور ایک ہندوستانی شخص جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثے میں جنید احمد بھی بری طرح زخمی ہوا اور دونوں ٹانگوں اور ایک بازو سے معذور ہو گیا۔وہ ایک عرصے تک مدینہ منورہ کے ہسپتال میں زیر علاج رہا، بعدازاںاسے خیبر ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اس کا کہنا تھا کہ اس سے غلطی ہوئی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے دو پاکستانیوں کے لواحقین مجھے معاف کردیا ہے مگرہندوستانی تارک کے ورثاء سے معاف کرنے کے لئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان سے معافی کا طلب گار ہوں، میں ایک غریب اور نادار انسان ہوں اور معذور ہو چکا ہوں۔ اس لئے بھاری رقم ادا کرنے سے قاصر ہوں۔ جنید احمد نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اپیل کی ہے کہ اس کی مدد کی جائے۔ پاکستان سے اس کے والدین نے ایک ویڈیو پیغام میں بھی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان سے گزارش کی ہے کہ وہ ان کے بیٹے کی مدد کریں۔ دوسری طرف پاکستانی قونصلیٹ میں پریس قونصلر ارشاد منیر نے کہا کہ قونصلیٹ جلد اپنی ویلفیئر ٹیم خیبر روانہ کرے گی۔جنید احمد کی ہر طرح کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی۔