کابل... امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان مکین نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کے لئے واشنگٹن پاکستان کی مدد پر انحصار کئے ہوئے ہے۔ پاکستان نے حقانی نیٹ ورک کیخلاف کارروائی کی ہے تاہم اسے مزید ٹھوس اور سخت کارروائیاں کرنے کی ضرورت ہے۔کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں اور حقانی نیٹ ورک کے خاتمے کے لئے پاکستان سے تعاون کی امید رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے مضبوط قوم کو اس جنگ کو جیتنا چاہیے اس کے لئے فوجی دباو کے ساتھ سفارتی کوششوں کی بھی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیرستان کو دہشت گردوں سے صاف کرنے سمیت پاکستان نے دیگر اہم کام بھی کئے ہیں۔ یہ ساری صورت حال امریکی صدر ٹرمپ، جنرل میٹس اور جنرل مک ماسٹر کو بتائیں گے۔ جان مکین نے یہ بھی کہا کہ دورے کے دوران پاکستان پر واضح کردیا کہ اگر وہ اپنا رویہ تبدیل نہیں کرتا تو پھر امر یکہ کو اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا۔