گورنر ریاض سے سفیر پاکستان کی ملاقات
ریاض ( ذکاءاللہ محسن)اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق نے گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی ہے۔ سفیر پاکستان جب گورنر ریاض سے ملنے پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔خان ہشام بن صدیق کی جانب سے ملاقات پر شکریہ ادا کرنے کے علاوہ وزیراعظم پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک تمناوں کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہمیشہ خوشگوار اور برادرانہ تعلقات قائم رہے ہیںجبکہ گورنر شہزادہ فیصل بن بندر کی جانب سے سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنےپر سفیر پاکستان کو مبارکباد دی اور اپنے پورے تعاون کا یقین بھی دلایا ۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے اسکول کی بلڈنگ اور پاکستانی ورکرز کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔اس موقعہ پر شہزادہ فیصل بن بندر کا کہنا تھا کہ پاکستانی ورکرز نے سعودی عرب میں ہونے والی ڈویلپمنٹ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ آخر میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاک سعودی تعلقات میں مزید بہتری اور مضبوطی آئے گی۔