پٹنہ ۔۔۔۔سی بی آئی نے راشٹریہ جنتا دل یو کے سربراہ لالو پرساد یادو کے پٹنہ کے مکان سمیت ملک بھر میں ان کے 12مکانات پر جمعہ کو چھاپے مارے۔سی بی آئی کا کہنا ہے کہ لالو جب وزیر ریلوے تھے اس وقت انہوں نے ایک ہوٹل میں صفائی ستھرائی کیلئے جو ٹینڈر جاری کئے تھے اس میں مبینہ طور پر بدعنوانی کی گئی تھی۔ لالو پرساد ان کی اہلیہ ربڑی دیوی اور بیٹے تیجسوی کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ سی بی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت کے ریلوے کے اعلیٰ عہدیدار پی کے گویل اور ان کی اہلیہ کے خلاف بھی مقدمات قائم کئے گئے ہیں۔ بہار کے دارالحکومت پٹنہ، دہلی ، گڑگاؤں، اوڈیشہ اور رانچی میں بیک وقت صبح ساڑھے 7بجے چھاپے مارے گئے۔ لالو اس وقت پٹنہ میں اپنے گھر پر موجود نہیں تھے۔ وہ رانچی میںچارہ اسکینڈل کے سلسلے میں سی بی آئی کی عدالت میں پیش ہورہے ہیں۔ سی بی آئی ان ٹینڈرز کے سلسلے میں بدعنوانی کا جائزہ لے رہی ہے۔ لالو کے چندفارم ہاؤسز اور ہوٹلوں پر بھی چھاپے پڑے ۔ سی بی آئی اور پولیس نے اس بارے میں مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔