پی ڈبلیو ایس کے زیر اہتمام ڈاکٹر شمس طور کے اعزاز میں تقریب، خدمات کا اعتراف
ڈاکٹر شمس جوش و جذبے سے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہیں، جو کام بھی سونپا گیا، انہوں نے بڑی خوش اسلوبی سے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا،ڈاکٹر خلیل
جدہ( سید شہاب الدین) پاکستان ویلفیئر سوسائٹی(پی ڈبلیو ایس) جدہ نے مقامی ریسٹورنٹ میں تقریب تقسیم ایوارڈ کا اہتمام کیا جس میںسوسائٹی کے اہم رکن اور پاکستان کڈنی سینٹر ایبٹ آباد کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے ممبر ڈاکٹر شمس طور اور انکی بیگم ڈاکٹر ماہ رخ شمس کو پاکستانی کمیونٹی کے لئے بہترین خدمات پر یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔تقریب کا باقاعد ہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نظامت کے فرائض پی ڈبلیو ایس کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر امجد عبیدنے انجام دیئے۔پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر خلیل الرحمن نے ڈاکٹر شمس طور کی خدمات کوسراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر شمس جوش و جذبے سے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہیں۔ جو کام بھی سونپا گیا، انہوں نے بڑی خوش اسلوبی سے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ڈاکٹر امجد عبید نے کہا کہ ڈاکٹر شمس طور نیک سیرت انسان ہیں جن کی کمیونٹی کے لئے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ وہ پی ڈبلیو ایس اور پی کے سی کے لئے عظیم اثاثہ ہیں۔ڈاکٹر شکیل بخش نے ڈاکٹر شمس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شمس کی پاکستانی کمیونٹی کے لئے خدمات قابل تقلید ہیں۔انجینئر محمد منشانے کہا کہ ڈاکٹر شمس قیمتی سرمایہ ہیں۔ شریف زمان نے کہا کہ ڈاکٹر شمس مخلص اور ملنسار شخصیت ہیں۔تقسیم ایوارڈ کی تقریب میں پی ڈبلیو ایس کی فری میڈیکل کیمپ کی خاتون ڈاکٹروں نے بھی شرکت کی۔ لیڈیز ونگ کی انچارج ڈاکٹر رابعہ خاتون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈبلیو ایس کی کارکردگی کو سراہا اور15 روزہ فری میڈیکل کیمپ میں خواتین ڈاکٹرز کے بھر پور تعا و ن پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں سینئر ڈاکٹر نیلوفر اور ڈاکٹرصسبا تازین نے بھی شرکت کی۔واضح رہے کہ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی10 برس سے پاکستان قونصلیٹ جدہ میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کرتی ہے جہاں مرد و خواتین ماہر ڈاکٹر نادار پاکستانی افراد کا مفت علاج کرتے ہیں ۔ ان کو مفت ادویہ دی جاتی ہیں۔ اسکے علاوہ آنکھوں کے ٹیسٹ ، الٹرا ساؤنڈ اور بلڈ شوگر بھی مفت فراہم کئے جاتے ہیں۔ ایبٹ آباد میں قائم مفت کڈنی ہسپتال کے الٹرا ساؤنڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر فضل زمان نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی۔ غریب اور نادار لوگوں کی بے لوث خدمات اور بہترین کارکر دگی پر ڈاکٹر فضل زمان کو بھی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ ڈاکٹر شمس طور نے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں جو کچھ بھی ہوں، وہ آپ لوگوں کی محبت کی وجہ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ انسان میں لگن اور جذبہ ہونا چاہئے۔ اگرمقصد نیک اور لگن سچی ہو تو انسان بڑے سے بڑا کام انجام دے کر منزل مقصود پا لیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کامیابی میں انکی بیگم ڈاکٹر ماہ رخ کا بھی بڑا تعاون حاصل رہا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان کڈنی سینٹرکی تعمیر شاندار کارنامہ ہے۔تقریب میں ڈاکٹر غضنفر نقوی، ڈاکٹر محمد آصف، خلیل جنجوعہ ، خالد ضیاء ،یونس عبدالستار اور سید شہاب الدین نے بھی شرکت کی۔ آخر میں پی ڈبلیو ایس کے سپریم کونسل کے رکن انور انجم کی بہن جو گزشتہ شب پاکستان میں وفات پا گئیں، ان کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر کی دعا کرائی گئی۔