پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کے دروازے کھلنے کے امکانات
کل تک جو لوگ کہتے تھے پاکستان کھیلوں
حوالے سے محفوظ ملک نہیں انہیںجواب مل گیا
سید علی حسن ۔ کراچی
عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز کے پاکستان کا دورہ کرنے اور نمائشی میچز کی سیریز کھیلنے سے دنیا بھر میں مثبت پیغام پہنچاہے۔ اس سے پاکستان میں انٹر نیشنل اسپورٹس کے دروازے کھلنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ پاکستان میں اس وقت انٹر نیشنل ٹیمیں سیکورٹی وجوہ کی بناءپر دورے نہیں کررہیں جس سے پاکستان کے عوام بین الاقوامی ٹیموں کو اپنے ملک میں کھیلتا دیکھنے سے محروم ہیں۔ دوسری جانب انٹر نیشنل فٹبالرز پاکستان پہنچے تو ان کا ایئرپورٹ سے لیکر ہوٹل اور پھر اسٹیڈیم تک شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے جبکہ فٹبالرز کو گورنر کے مساوی سیکورٹی فراہم کی گئی۔ 3روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد انٹر نیشنل فٹبالرز نے پاکستان میں سیکورٹی انتظامات اور یہاں موجود ٹیلنٹ کے حوالے سے تعریف کی۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر بین الاقوامی ممالک کو پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں اور یہاں آکر کھیلیں۔ 2 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کھیلنے کے لئے جب انٹر نیشنل فٹبالرز کراچی پہنچے تو نہ صرف ایئر پورٹ بلکہ ہوٹل اور اسٹیڈیم میں بھی ان کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔کراچی آنے والوں میں سابق برازیلین فٹبالر رونالڈینیو کے علاوہ ،لوئیس بوآ مورٹے،رابرٹ پائرس،ریان گگز، نکولس اینیلکا ،جارج بوٹینگ اور ڈیوڈ جیمزشامل تھے۔واضح رہے کہ رابرٹو کارلوس اپنی نومولود بیٹی کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث کراچی نہیں پہنچ سکے۔
کراچی ایئر پورٹ سے انٹر نیشنل فٹبالرز کو سخت اور فول پروف سکیورٹی میں ہوٹل لے جایا گیا۔ ہوٹل انتظامیہ اورٹورنامنٹ انتظامیہ نے فٹبالرز کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کئے۔بعد ازاں عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم آمد پر بھی کراچی کے شائقین کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔خاص طور پرکراچی کے ٹاﺅن لیاری جس کو منی برازیل بھی کہاجاتا ہے، وہاں کے فٹبال شائقین کی خوشی اور جوش قابل دید تھا۔ انہوں نے انٹر نیشنل فٹبالرز کا استقبال اپنے مخصوص لیوا ڈانس سے کیا۔سابق معروف انٹرنیشنل فٹبالرز کے مابین کھیلے جانے والے دو میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ8جولائی کو شام ساڑھے 8 بجے کراچی کے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں رونالڈینیوالیون اورگگز فرینڈز الیون کے درمیان کھیلا گیا۔ اس سے قبل اسٹیڈیم اور اس کے اطراف سیکورٹی سمیت تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں۔ ہاکی اسٹیڈیم کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا اور اسٹیڈیم جمعہ کی شام کسی قلعہ کا منظر پیش کر رہا تھا۔اسٹیڈیم آنے والے تماشائیوں کو جناح اسپتال کی جانب سے آنے والے راستے سے داخلے کی ہدایت کی گئی تھی۔اسٹیڈیم کو اس میچ کے لئے اسٹار فٹبالرز کی تصاویر ، ہورڈنگز اور بینرز سےآراستہ کر دیا گیا تھا۔اس کے ساتھ ساتھ میچ کے حوالے سے تماشائیوں کو 8 جولائی کی شام 4 بجے اسٹیڈیم آنے کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ میچ کی تیاریوں کے سلسلے میں ہاکی اسٹیڈیم میں مثبت تبدیلیاں کی گئیں۔ پورے اسٹیڈیم کی ازسرنو تزئین وآرائش کے ساتھ ساتھ نئے واش رومز ،تمام انکلوڑرز کی صفائی ستھرائی ،ٹوٹی ہوئی نشستوں کی تبدیلی سے لے کر جنرل انکلوڑرز کے رنگ و روغن کا کام بھی مکمل کیاگیا تھا۔اسٹیڈیم میں قائم کراچی ہاکی ایسوسی ایشن ویمنز ونگ کے سابق دفتر کو انٹر نیشنل کھلاڑیوں کے ڈریسنگ رومز میں تبدیل کر دیا گیا جبکہ مقامی کھلاڑیوں کے لیے ہاسٹل میں ڈریسنگ روم بنایا گیا۔
میچ دیکھنے کے لئے آنے والوں کا اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل3 جگہ سخت چیکنگ کا انتظام کیا گیا اور داخلی راستوں پر ہر تھوڑے فاصلے پر واک تھرو گیٹ لگائے گئے تھے جبکہ شائقین کو اپنے ساتھ کیمرے وغیرہ لانے کی بھی ممانعت کی گئی تھی۔دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے مختلف ٹکٹوں کے مختلف ریٹ رکھے گئے تھے جبکہ میچ سے ایک روز قبل ٹکٹوں کی قیمتوں میں بھی کمی کردی گئی تھی۔ 25 اور15ہزار والا ٹکٹ ساڑھے 12ہزار روپے میں فروخت ہوا جبکہ اس کے علاوہ 8ہزار ،ساڑھے 5 ہزار اور2ہزار روپے والے ٹکٹس بھی فروخت کئے گئے۔ وی وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 30ہزارروپے رکھی گئی تھیں۔میچ سے قبل پاکستان اور سندھ کی ثقافت کو اجاگر اور نمایاں کرنے کے لئے میوزیکل شو اور ڈانس پروگرام کا بھی اہتمام کیا گیا۔اس دوران اسٹیڈیم اور اطراف کے ایک مربع میل کے علاقے کو قانون نافذ کرنےو الے اداروں نے اپنے گھیرے میں لے رکھا تھا۔تمام فٹبالرز کو سخت سکیورٹی میں ہوٹل سے اسٹیڈیم لایا اور لےجایا گیا۔
کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں رونالڈینیوالیون کی قیادت سابق برازیلین فٹبالر رونالڈینیو نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں رابرٹو کارلوس،لوئیس بوا مورٹے،رابرٹ پائرس،یوسف بٹ (گول کیپر)،صدام حسین ،کلیم اللہ اور سعد اللہ شامل تھے جبکہ گگز الیون کی قیادت ریان گگز نے کی۔ ان کے ساتھیوں میں انیلکا، جارج بوٹینگ،ڈیوڈ جیمز(گول کیپر)،رسول خان،اعزاز ،محمد عیسیٰ اور عبد الرزاق شامل تھے۔ میچ سے قبل ثقافتی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان اور خاص طور پر سندھ کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب کے بعد میچ کاآغاز کیا گیا جس میں رونالڈینیو الیون نے نمائشی انٹر نیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ2-1سے جیت لیا۔نائن اے سائیڈ میچ میں ریان گگز کی ٹیم سخت مقابلے کے بعد شکست سے دوچار ہوئی جبکہ رونالڈینیو الیون نے 2 پنالٹی ککس بھی ضائع کیں جن میں سے ایک رانالڈینیو نے مس کی۔عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں تماشائیوں نے بہترین کھیل پر نہ صرف غیر ملکی کھلاڑیوں بلکہ میچ میں شریک پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی بھر پور داد دی۔گگز الیون کی جانب سے بھی گول کرنے کے متعدد مواقع ضائع کئے گئے۔فاتح ٹیم کی جانب سے پہلا گول رابرٹ پائرس نے پہلے کوارٹر میں پنالٹی کک پر اسکور کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی جو پہلے ہاف تک برقرار رہی۔دوسرے ہاف کے پہلے کوارٹر میں گگز الیون کی جانب سے نکولس انیلیکا نے خوب صور ت فیلڈ گول اسکور کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا۔چوتھے اورآخری کوارٹر میں پاکستان کے سعد اللہ نے گول کر کے رونالڈینیو الیون کو ایک بار پھر2-1سے سبقت دلا دی جو میچ کے خاتمے تک برقرار رہی۔
اس میچ کے مہما ن خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تھے جنہوں نے کک لگاکر میچ کاآغاز کیا جبکہ صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر بھی ان کے ہمراہ تھے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی میچ دیکھنے والوں میں شامل تھے۔سیریز کا پہلا میچ کھیلنے کے بعد معروف انٹر نیشنل فٹبالرز دوسرا میچ لاہور میں کھیلنے کے لئے روانہ ہوئے۔ اس کے علاوہ چیفآفآرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بین الاقوامی فٹبالرز کے اعزاز میں استقبالیہ دیا اور انہیں پاکستا ن آمد پر خوش آمدید کہا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بین الاقوامی فٹبالرز رونالڈینیو، ریان گِگز، رابرٹ پیائرس، نکولس اینلیکا، جارج بوٹینگ، ڈیوڈ جیمز اور لوئس بوآمورٹے نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔آرمی چیف نے بین الاقوامی فٹبالرز کا پاکستان آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں سے امن کو فروغ ملتا ہے اور بین الاقوامی فٹبالرز کی پاکستان آمد سے پوری قوم بالخصوص نوجوان بہت خوش ہیں۔پاکستا ن آنے والے فٹبالرز نےآرمی چیف کی حمایت اور دورے کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور ہم اس دورے سے لطف اندوز ہوں گے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے امن اور کھیلوں کے فروغ کے لیے پاک آرمی کے اشتراک سے اس دورے کے انعقاد پر’ ’لیژر لیگ“ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
8جولائی بروز اتوار کولاہور کے فورٹریس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے اورآخری نمائشی میچ میں رونالڈینہو سیون نے گیگز سیون کو 2-0سے شکست دے کر ایونٹ اپنے نام کرلیا۔لاہور کے فورٹریس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر میں رونالڈینو نے گول کرنے کا آسان موقع گنوایا تھا اور ڈیوڈ جیمز نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی شوٹ روک لی تھی۔دوسرے کوارٹر میں لوئس بوآمورٹے کے پاس کی بدولت ریاض نے بہترین گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو 1-0کی سبقت دلوائی تھی۔ رونالڈینیو نے گول کرنے کی ایک بہترین کوشش کی، تاہم ان کی کک گول پوسٹ سے چند انچز کے فاصلے پر رہی۔تیسرے کوارٹر میں رونالڈینیو کے پاس پرحسن بشیر نے ایک گول اور کرکے اپنی ٹیم کی جیت تقریباً یقینی بنادی اور اس طرح رونالڈینہو سیون یہ میچ2-0 سے جیت گئی۔نمائشی میچ کھیلنے والے پاکستانی فٹبالرز میں محمد رسول، محمد عیسیٰ، عزیز رازق، محمد عادل، عدنان، محمد علی، احمد، یوسف بٹ، صدام حسین، کلیم اللہ، سعد اللہ، حسن بشیر، محمد ریاض اور کامران شامل تھے۔اس سے قبل میچ کے لئے سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئے تھے جب کہ شائقین فٹبال کوگراونڈتک لے جانے کے لئے خصوصی شٹل سروس بھی چلائی گئی تھی۔فورٹریس گراونڈکے اطراف پاک فوج کے اہلکار تعینات کئے گئے تھے اور شرکا کو جامہ تلاشی کے بعدگراونڈتک جانے کی اجازت دی گئی تھی۔بین الاقوامی شہرت یافتہ فٹبالرز کی جانب سے کئے گئے پاکستان کے اس دورے اور 2نمائشی میچز سے پوری دنیا میں پاکستان کا اچھا امیج گیا۔ پاکستان کے دورے پرآئے ہوئے انٹرنیشنل فٹ بالرز نے اپنے وطن واپسی سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس بھی کی۔جس میں رونالڈینیو نے پاکستانی کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فٹ بال کابہت زبردست ٹیلنٹ ہے۔کرکٹ کے ساتھ ساتھ فٹبال بھی پاکستان میں مقبولیت حاصل کرے گا۔پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور بیرون ممالک کے کھلاڑیوں کو چاہئے کہ وہ پاکستان میںآکر کھیلیں۔پریس کانفرنس میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق کھلاڑی ریان گگز نے کہا تھا کہ ہم یہاں دنیا کو ایک پیغام دینے آئے ہیں کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔ہم تو پاکستان کی صرف کرکٹ سے محبت کے بارے میں جانتے تھے لیکن آج ہم نے ان کا فٹ بال سے بھی پیار دیکھ لیا۔ریان گگز نے مزید کہاتھا کہ ہم سب کا پاکستان کے دورے پرآنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔نمائشی میچ کے دوران میں نے ایسے ٹیلنٹڈ کھلاڑی دیکھے جنہیںآگے بڑھنے کے لیے حوصلہ افزائی کے ساتھ اچھی کوچنگ اور بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے۔اسی کے ساتھ ساتھ پاکستان کی فٹبال فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج قائم کردیا ہے اور پاکستان میں غیرملکی ٹیموں و کھلاڑیوں کیآمد کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔کل جو لوگ کہتے تھے کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے محفوظ ملک نہیں،آج انہیں جواب مل گیا ہے کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے بالکل محفوظ ملک ہے۔