ہوپ آئی لینڈ ، مین ، امریکہ- - - - - - - بعض چیزیں قیمتی ہونے کے باوجود اچھے خریداروں کی کمیابی سے دوچار رہتی ہیں جبکہ دوسری املاک کی قیمتیں بڑھتی اور کم ہوتی رہتی ہیں ۔ اس حوالے سے مقامی جزیرہ ہوپ کا ذکر لازمی ہو جاتا ہے جو اب 79لاکھ 50ہزار ڈالرمیں برائے فروخت ہے ۔ اس جزیرے پر ایک خوبصورت منشن بھی بنا ہوا ہے ۔ جس کا رقبہ 11ہزار 295مربع فٹ ہے اور جو بیشمار عصری سہولتوں سے لیس ہے ۔ یہ جزیرہ پراپرٹی ڈویلپر جان کوکو لیڈس کی ملکیت ہے جسے انہوں نے 1993ء میں محض 13لاکھ ڈالر میں خریدا تھا۔کوکو لیڈس اپنی بیوی فلس کے ساتھ اس جزیرے میں رہ رہے تھے مگر گزشتہ سال ان کی بیوی 89سال کی عمر میں چل بسی تو انہوں نے جزیرے کو فروخت کردینے کا فیصلہ کیا ۔ جزیرے پر بنے منشن میں 6باتھ روم اور3بیڈ روم ہیں جبکہ مہمانوں کیلئے 2مخصوص کمرے الگ ہیں ۔ ملازمین کے رہنے کیلئے چند مکانات بنے ہوئے ہیں اور پالتو مرغیوں اور بطخوں کیلئے بھی ایک حصہ وقف کر دیا گیا ہے ۔ جزیرے کا کل رقبہ 86ایکڑ بتایا جاتا ہے ۔ اس جزیرے کے سامنے ایک چھوٹی سی جھیل بھی ہے جس کا رقبہ 11ہزار 50فٹ بتایا جاتا ہے ۔ پورٹ لینڈ سے یہاں بذریعہ کشتی سفر میں صرف 25منٹ لگتے ہیں ۔