اسلام آباد... پاکستان میں عراقی سفیر علی یاسین محمد کریم نے انکشاف کیا ہے کہ داعش کے خلاف جنگ میں پاکستان نے عراق کی مدد کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے داعش کے خلاف جنگ میں خاموشی سے مدد کی، جس سے موصل کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے میں مدد ملی۔ عراقی سفیر نے کہاکہ دہشت گردوں کے حوالے سے انٹیلی جنس معلومات کے ساتھ پاکستان نے اسلحہ اور فوجی طبی امداد بھی فراہم کی ۔داعش کے خلاف کارروائیوںکے لئے عراقی پائلٹس نے پاکستان میں تربیت حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ عراق اور پاکستان کے درمیان جاری انٹیلی جنس تعاون سے خطے میں داعش کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ سے نمٹنے میں مدد ملی۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ100 سے زائد ممالک کے افراد داعش کا حصہ تھے۔انہوںنے مشرق وسطیٰ کے تنازع میں غیر جانبدار رہنے کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی کو بھی سراہا۔